ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش و سیلاب کی پیشگوئی،اسلام آباد بارش شروع
فوٹو : فائل
اسلام آباد : ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش و سیلاب کی پیشگوئی،اسلام آباد بارش شروع ہو گئی، این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
اعلامیہ کے مطابق سوات، اپر دیر، کمراٹ ویلی، چترال اور گلگت بلتستان میں کلاؤڈ برسٹ سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ اور کوٹلی میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں فراش ٹاون اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش ہو رہی ہے، اسی طرح پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر میٹ عرفان ورک نے کہا کہ بارشوں کا سلسلہ2 سے3 دن تک جاری رہے گا، بالائی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کاخطرہ ہے۔
عرفان ورک نے نجی ٹی وی سما نیوز سے گفتگو میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسلادھاربارش کا امکان ہے، بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ آئندہ ہفتے بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا۔
ہری پور میں سیلابی ریلوں کی آمد کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے، دفعہ 144 کیخلاف ورزی پر 40 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار افراد کیخلاف مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا گیا۔ ندی نالوں کے قریب رہائشی افراد کو جگہ خالی کرنے کا حکم بھی دیدیا گیا ہے۔
ایبٹ آباد کے علاقے ہرنائی میں شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا، ضلعی حکام کے مطابق شہری بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پرعمل کریں، شہری اور سیاح پکنک پوائنٹس پرجانے سے گریز کریں۔
Comments are closed.