۔ 190 ملین پاوٴنڈ ریفرنس کا فیصلہ نہ آنا کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ہے، بیرسٹر گوہر
فائل:فوٹو
راولپنڈی :چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو کیسز کی پرواہ نہیں، ہم فیصلہ سننے کے لیے آج عدالت آئے تھے 190 ملین پاوٴنڈ ریفرنس کا فیصلہ نہ آنا کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر سلمان اکرم راجہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی القادر یونیورسٹی کے مالک نہیں بس ٹرسٹی ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ القادر کیس سیاسی طور پر بنایا گیا ہے، ہمارے ساتھ ناانصافی ہوتی رہی ہے، بانی پی ٹی آئی پر دباوٴ ڈالنے کے لیے بشریٰ بی بی کا نام بھی القادر کیس میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کیسز کی پرواہ نہیں، ہم فیصلہ سننے کے لیے آج عدالت آئے تھے، بانی پی ٹی آئی کو جیل سے کورٹ تک لانا جیل انتظامیہ کا کام تھا۔ ہمیں فیصلے کا وقت 11 بجے دیا گیا تھا اور ہم اسی حساب سے آئے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں اعلیٰ عدلیہ سے اْمید ہے، ہم اعلیٰ عدالت میں جائیں گے، جس طرح باقی کیسز ختم ہوئے یہ کیس بھی ختم ہو گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مذاکراتی عمل جاری ہے سننے میں آرہا ہے کہ تیسری نشست 15 جنوری کو ہو گی، ہم ڈیل نہیں کر رہے، ملک میں جمہوریت اور انصاف کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات اور اس مقدمے کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، تاثر دیا جا رہا ہے کہ ڈیل ہو رہی ہے، ہماری کوئی ڈیل نہیں ہو رہی۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاوٴنڈ ریفرنس کا فیصلہ آج صبح 11 بجے سنایا جانا تھا جو ابک بار پھر موٴخر کر دیا گیا ہے۔عدالت نے فیصلہ سنانے کی نئی تاریخ 17 جنوری دے دی ہے۔
جج ناصر جاوید رانا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں آنے کے لیے دو بار پیغام بھیجا گیا، وہ کمرہ عدالت میں نہیں آئے، ہم 2 گھنٹے سے مسلسل انتظار کر رہے تھے، صبح ساڑھے 8 بجے سے میں کمرہ عدالت موجود ہوں، نہ بانی پی ٹی آئی، نہ ان کے وکلاء اور نہ کوئی فیملی ممبر آیا، ان کو ایک اور موقع دیتے ہیں۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سنانے کے لیے سماعت 2 بار موخر ہو چکی ہے، جس کے بعد تیسری بار اس کی تاریخ آج 13 جنوری مقرر کی گئی تھی۔
Comments are closed.