بانی پی ٹی آئی 6 مقدمات میں گرفتار، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل پولیس کے حوالے

46 / 100

فائل:فوٹو
راولپنڈی :تھانہ نیو ٹاوٴن میں درج مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔

اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے 28ستمبر اور 5اکتوبر کے دیگر 6 مقدمات میں بھی عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بجھوا دیا۔

سابق وزیراعظم کا 6 مقدمات میں 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا گیا، تمام تفتیشی افسران نے گرفتاری ڈال کر سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواستیں عدالت میں پیش کیں۔

جوڈیشل ہوتے ہی عمران خان جیل پولیس کی حراست میں آگئے، بانی پی ٹی آئی کے سیل سے تھانہ نیو ٹاوٴن پولیس کی نفری کچھ دیر میں ہٹا دی جائے گی۔

سابق وزیراعظم کے سیل 4 کو تھانہ نیو ٹاوٴن ڈکلیئر کیا گیا تھا۔ جوڈیشل ریمانڈ پر جانے کے بعد بانی پی ٹی آئی کا سیل اڈیالہ جیل کا حصہ ہوگا۔

قبل ازیں، عمران خان کی 28 ستمبر، 4 اکتوبر اور 5 اکتوبر کے 6 مقدمات میں گرفتاری ڈالی گئی تھی جبکہ 24 نومبر احتجاج کے 28 مقدمات میں تاحال گرفتاری نہیں ڈالی گئی۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 28 ستمبر، 4 اکتوبر اور 5 اکتوبر احتجاج کے 7 کیس درج ہیں۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ تھانہ نیو ٹاوٴن کیس بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش مکمل ہوگئی لہٰذا اب مزید جسمانی ریمانڈ نہیں لیا جائے گا۔

بانی تحریک انصاف کے نیو ٹاوٴن کیس میں جوڈیشل ریمانڈ کے لیے درخواست بھی دائر کی گئی۔ تفتیشی افسر نے درخواست میں موٴقف اپنایا کہ نیو ٹاوٴن کیس میں تفتیش مکمل ہوگئی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔

Comments are closed.