پی آئی اے پریورپیئن ممالک میں عائد کی گئی پابندی ختم ہوگئی، ترجمان

50 / 100

فوٹو: فائل

کراچی : پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو یورپ میں پروازوں کی اجازت مل گئی، پی آئی اے پریورپیئن ممالک میں عائد کی گئی پابندی ختم ہوگئی، ترجمان پی آئی اے کے مطابق یورپی ایئرسیفٹی ایجنسی نے یہ عائد پابندی ختم کردی ہے۔

پابندی کے حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پاکستانی ائیرلائنزسے پابندی اٹھانے کا فیصلہ ہوگیا اور یہ پاکستان کی ہوابازی کی صنعت کے لیے اہم ترین خبر ہے۔

ترجمان کے مطابق ایاسا نے اپنے مکتوب میں وزرات ہوابازی اور پی آئی اے انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے، ان کی جانب سے پی آئی اے کی ٹیم اور انتظامیہ کو ان کے سخت ترین اسٹینڈرڈز پر پورے اترنے پر مبارک باد دی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ ایاسا اور ان کے قوانین اورضابطوں پر مکمل عمل پیرا رہے گا اور پی آئی اے انتظامیہ نے گزشتہ 4 سال کی انتھک محنت کے بعد یہ اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

سی ای او پی آئی اے کی جانب سے اس تاریخی موقع پروزرات ہوابازی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے ٹیم اور پوری ہوابازی کی صنعت کو ان کے بھرپور تعاون پر مبارک باد پیش کی۔

دوسری جانب وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجینسی کی جانب سے پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائینز کی پروازوں سے پابندی اٹھانے کا خیر مقدم کیا ہے۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر خواجہ آصف، وزارت ہوابازی، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام اور پی آئی اے انتظامیہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ پابندی اٹھنے سے پی آئی اے کی ساکھ مستحکم ہو گی اور اسے مالی طور پر بھی فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی کامیاب پالیسیوں کا مظہر ہے اور یورپ میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے ہوائی سفر میں آسانی پیدا ہو گی۔

اس کے ساتھ ساتھ وزیردفاع خواجہ آصف نے بیان میں کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پرعائد پابندی ختم کردی گئی ہے اور مذکورہ عائد پابندی کا ختم ہونا ایک یادگارموقع ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے، یہ کامیابی وزارت ہوابازی اور سول ایوی ایشن کی جانب سے سیفٹی معیارات یقینی بنانے پرملی ہے اور پاکستانی ایئرلائنز پر عائد معطلی اٹھا لی گئی ہے۔

یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی نے ساڑھے چار سال قبل پی آئی اے پر پابندی عائد کردی تھی،پابندی کے خاتمے کے بعد پوری قوم اب یورپی سیکٹرز پر دوبارہ اپنی قومی ائیرلائن پر براہ راست سفر کر سکیں گے۔

Comments are closed.