تحریک انصاف کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان، 8 کارکن جاں بحق، متعدد زخمی ہیں، ترجمان
فوٹو: فائل
اسلام آباد: تحریک انصاف کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان، 8 کارکن جاں بحق، متعدد زخمی ہیں، ترجمان کا بیان، احتجاج منسوخی کے اعلامیہ میں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ دارالحکومت کو نہتے شہریوں کا مقتل بنانے کے حکومتی منصوبے کے پیشِ نظر پرامن احتجاج کی فی الوقت منسوخ کیا.
اعلامیہ کے مطابق حکومتی بربریت کی تفصیلات کے سیاسی اور کورکمیٹیز میں تجزیے کے بعد بانی چیئرمین عمران خان کے سامنے رکھنے اور ان کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کے لائحۂ عمل کے اجراء کا اعلان کیا جائے گا.
پاکستان تحریک انصاف کی نہتّے، پرامن اور محبّ وطن شہریوں کے ساتھ سفّاکانہ سلوک اور آپریشن کے نام پر اسلام آباد میں پرامن احتجاج کے شرکاء کے خلاف سخت کاروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں.
چیف جسٹس آف پاکستان سے شہید کارکنان کے بہیمانہ قتل کے از خود نوٹس اور وزیراعظم، وزیرداخلہ اور اسلام آباد اور پنجاب کے انسپیکٹرز جنرل کے خلاف قتلِ عمد کی کارروائی کے احکامات کی اپیل.
ترجمان کے مطابق سرکاری مشینری کی گولیوں سے درجنوں نہتے بے گناہ کارکنوں کو سیدھی گولیاں مار کر شہید کیا گیا جن میں سے 8 کے کوائف اب تک ہمارے پاس آ چکے ہیں-
ترجمان پاکستان تحریک انصاف شہید ہونے والوں میں انیس شہزاد ستی، ملک مبین اورنگزیب، عبدالقادر، ملک صفدر علی، احمد ولی، محمد الیاس اور عبدالرشید شامل ہیں،
پرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر گولیوں کی بارش کی گئی اور سینکڑوں نہتّے پاکستانیوں کو زخمی کرکے خون میں نہلایا گیا.
پاکستان تحریک انصاف کوئی عسکری یا مسلّح جماعت ہے نہ ہی اپنے عوام کو ریاستی قاتلوں کے ہاتھوں ذبح کروانے کی خود کو متحمّل سمجھتی ہے، پرامن احتجاج کیلئے تمام تر صعوبتیں، رکاوٹیں، تشدد، وحشیانہ بربریت برداشت کرکے ہمارے کارکن ڈی چوک پہنچے.
پاکستان تحریک انصاف پرامن سیاسی جدوجہد کی طویل تاریخ رکھتی ہے، 24 نومبر سے آج تک لاشیں گرانے کے حکومتی منصوبے کی راہ روکتی رہی ہے.
اس سے پہلے 26 مئی 2022, 3 نومبر 2022, 26 نومبر 2022, 8 مارچ 2023، 15 مارچ 2023 اور 18 مارچ 2023 اور 24 مارچ 2023 سمیت ہر موقع پر پرامن احتجاج کو خون میں نہلانے کی ہر حکومتی کوشش کو تحریک انصاف نے پاکستان کے مفاد میں ناکام بنایا.
بانی چیئرمین اور پاکستان تحریک انصاف کی پوری سیاسی جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں اور پرامن تاریخ سے عبارت ہے،حقیقی آزادی ہماری منزل ہے، جب تک ہماری رگوں میں خون کا آخری قطرہ باقی ہے اس کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے.
ترجمان نے کہا کہ پرامن احتجاج کیلئے ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور شمالی پنجاب کے اضلاع سے آگ اور خون کا دریا عبور کر کے مکمل پرامن انداز میں ڈی چوک پہنچنے والے کارکنان اور شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں.
ملک بھر سے آنے والے قافلوں کی میزبانی پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کے بھی بے حد مشکور ہیں،دنیا بھر میں بانی چیئرمین عمران خان کی کال پر تاریخی احتجاج کرنے والے اورسیز پاکستانیوں کے بھی شکرگزار ہیں.
Comments are closed.