چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے فل کورٹ اور سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس طلب کر لئے
فوٹو : فائل
اسلام آباد : سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے فل کورٹ اور سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس طلب کر لئے، فل کورٹ اجلاس 28 اکتوبر کو ایک بجے جبکہ سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس 8 نومبر کو طلب کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کے آئندہ ہفتے کا روسٹر بھی جاری کردیا گیا، 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک بینچز کا روسٹر جاری کیا گیا ہے۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت رجسٹرار نے روسٹر جاری کیا، سپریم کورٹ کے 8 بینچز 28 اکتوبر سے مقدمات کی سماعت کریں گے، بینچ ون چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال پر مشتمل ہوگا.
بینچ 2 میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس اطہر من اللّٰہ، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عرفان سعادت خان بینچ 3 میں شامل ہوں گے۔
بینچ 4 میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس ملک شہزاد شامل ہیں، بینچ 5 جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل ہوگا، بینچ 6 میں جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس عقیل عباسی شامل ہوں گے
بینچ 7 جسٹس شاہد وحید اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل ہوگا، جبکہ بینچ 8 جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل ہوگا۔
اسی طرح انسداد دہشت گردی عدالتوں کے انتظامی ججز کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا، انسداد دہشت گردی عدالتوں کے انتظامی ججز کو عمل درآمد رپورٹس سمیت 7 نومبر کو بلا لیا گیا، اجلاس سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہوگا۔
Comments are closed.