بیک وقت پیدا ہونے والے 9 بچوں نے تیسری سالگرہ منالی، تمام بچے صحت مند ہیں
فوٹو:گنیز ورلڈ ریکارڈز
لاہور : بیک وقت پیدا ہونے والے 9 بچوں نے تیسری سالگرہ منالی، تمام بچے صحت مند ہیں، افریقی ملک مالی سے تعلق رکھنے والے جوڑے کے ہاں ان بچوں کی پیدائش ہوئی تھی جن کا نام بشکریہ گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج ہے.
مئی 2021 میں مالی سے تعلق رکھنے والے جوڑے عبدالقادر عربی اور حلیمہ سیسی کے ہاں مراکش میں بیک وقت 9 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی جو پیدائش کے بعد بھی کافی تک مراکش میں رہائش پذیر رہے.
یہ دنیا میں پہلا موقع تھا جب بیک وقت پیدا ہونے والے 9 بچے زندہ بچنے میں کامیاب ہوئے اور اسی وجہ سے ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہوا۔
اس سے قبل بیک وقت سب سے زیادہ زندہ بچ جانے والے بچوں کا عالمی ریکارڈ امریکا کی نادیہ سلیمان کے پاس تھا جن کے ہاں 2009 میں 8 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔
حلیمہ سیسی کے بچے پیدائش کے بعد 19 ماہ تک مراکش میں رہے اور پھر اپنے آبائی وطن مالی منتقل ہوئے، ان بچوں (5 لڑکیاں اور 4 لڑکے) کی پیدائش حمل کے 30 ویں ہفتے میں آپریشن کے ذریعے ہوئی تھی۔
اب یہ بچے 3 سال سے زائد عمر کے ہوچکے ہیں ان کی ماں حلیمہ سیسی نے بچوں کی دوسری سالگرہ کے موقع پر کہا تھا کہ بچوں کی پرورش کرنا آسان نہیں ہوتا، مگر ہم جانتے ہیں کہ بچے اللہ کا تحفہ ہوتے ہیں۔
بیک وقت 9 بچوں کو کھانا کھلانا ہے تو یہ کام خود کسی ریکارڈ بنانے سے کم نہیں، مگر حلیمہ سیسی ہمت اور تحمل کے ساتھ حالات کا سامنا کر رہی ہیں اور خاندان بھی ان کی معاونت کرتا ہے، خاص طور پر ان کی بہن کبھی ان سے الگ نہیں ہوتی۔
اب ان بچوں کو امید اور انسانی ہمت کی علامت قرار دیا جاتا ہے اور ان کی تیسری سالگرہ عالمی توجہ کا مرکز بنی، حلیمہ اور ان کے شوہر بچوں کی پیدائش سے قبل مالی حکومت کی معاونت سے مراکش گئے تھے تاکہ ماں کو خصوصی طبی نگہداشت فراہم کی جاسکے۔
شروع میں بچوں کی پیدائش کے لیے 30 ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی ٹیم نے کام کیا تھا کیونکہ اس وقت یہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ قبل از وقت پیدائش کے باعث ان بچوں کو مختلف طبی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے.
یہی وجہ ہے کہ زندگی کے ابتدائی مہینے انہوں نے اسپتال میں گزارے، اس اسپتال میں ایک خصوصی میڈیکل فلیٹ ان بچوں کے لیے بنایا گیا تھا جہاں وہ اپنے والدین کے ساتھ 19 ماہ مقیم رہے۔
مئی 2022 میں بچوں کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ان کے والد عبدالقادر عربی نے بتایا تھا کہ اگرچہ اتنے زیادہ بچوں کی پرورش آسانی نہیں تھی مگر یہ دیکھ کر اچھا لگتا ہے کہ تمام بچوں کی صحت مثالی ہے، جس کو دیکھ کر ہم سب کچھ بھول جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہر بچے کی اپنی منفرد شخصیت ہے، کچھ خاموش رہتے ہیں جبکہ دیگر زیادہ شور مچاتے ہیں، کچھ کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں ہر وقت گود میں اٹھایا جائے۔
بتایا جاتا ہے کہ بیک وقت 9 بچوں کی پیدائش سے پہلے بھی اس جوڑے کی پہلے بھی ایک بیٹی تھی جس کی عمر اب 6 سال ہوگئی ہے۔
Comments are closed.