گرفتاریوں اور نا اہلیوں نے شفاف الیکشن پر سوالیہ نشان لگادیا، شہباز شریف

لاہور(ویب ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کی گرفتاریوں اور نااہلیوں نے شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

میڈیا کو جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا آئین اور قانون کے تحت جب عوامی عدالت میں پیش ہو چکے ہیں تو عوام کی عدالت کو اپنا فیصلہ کرنے دیا جائے۔

انھوں نے کہا ایسی کارروائیوں نے شفاف انتخابات کے انعقاد پر شکوک و شبہات پیدا کردیے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے آئین کے آرٹیکل 218 (3) کے تحت الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔

غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو آزادانہ طور پر انتخابی مہم چلانے کے یکساں مواقع کو یقینی بنائے۔ مجھے امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس صورتحال کا فوری نوٹس لے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو یہ تاثر ختم کرنا چاہیے کہ مسلم لیگ ن اس کے نشانے پر ہے۔ ہم نے ماضی میں بھی ایسے ہتھکنڈوں کو عوامی عدالت کے فیصلوں سے ناکام بنایا تھااور آج بھی عوام کی عدالت مسلم لیگ ن کے خلاف جاری تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ قمر الاسلام کی انتخابی مہم کے دوران گرفتاری قابل مذمت ہے۔ مجھے اس پر سخت تشویش ہے۔ اس گرفتاری سے آزادانہ اور شفاف الیکشن کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

Comments are closed.