کپتان وزراء کی فیلڈ پلیسنگ سے ناخوش، مزید تبدیلیاں متوقع


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام )وزیراعظم عمران خان نے وزیر خزانہ کی تبدیلی کے بعد اپنی ٹیم میں مزید تبدیلیاں کرنے کی تیاری کرلی ہے، کپتان اب تک کی اپنی فیلڈ پوزیشن سے مطمئن نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق پہلے سے کابینہ میں موجود حماد اظہر، فواد چوہدری اور شبلی فراز کو نئی ذمے داریاں دی جا رہی ہیں،جب کہ کابینہ میں شامل کئی وزراء سے عہدے واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خسرو بختیار، شہریار آفریدی، عمر ایوب خان سمیت دیگر کئی وزراء سے عہدے واپس لے لیے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ حماد اظہر، شبلی فراز اور فواد چوہدری 2،2 وزارتیں سنبھالیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو اطلاعات کی اضافی وزارت دی جائے گی،وزارت صنعت و پیداوار بھی بدستور حماد اظہر کے پاس ہی رہی گی۔

شبلی فراز کو پٹرولیم کی وزارت کے ساتھ ہوا بازی کی وزارت بھی دیے جانے کا امکان ہے۔ عمر ایوب خان سے پٹرولیم، شہریار آفریدی سے کشمیر کمیٹی واپس لے لی جائے گی۔

سینیٹر شبلی فراز نے نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعظم کا کل دوبارہ کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا، امید ہے ان کی رپورٹ منفی آئے گی اور اگر ایسا ہوا تو وہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم اور حتمی فیصلے کیے جائیں گے ایجنڈا کے اہم نکات میڈیا پر آ چکے ہیں جب کہ بعض دیگر اہم امور بھی کابینہ میں زیر غور آئیں گے۔

Comments are closed.