کورونا سے مزید 40 جاں بحق، مجموعی تعداد 7 ہزار 843 ہو گئی

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آرہی ہے مسلسل دوسرے روز 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو جولائی کے بعد مسلسل دوسرے دن کیسز کی اتنی بڑی تعداد ہے۔

تازہ ترین رپورٹس کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار 198 ہے جس میں سے 3 لاکھ 34 ہزار 392 صحتیاب ہوئے جو 86 فیصد سے زائد ہے اور اموات کی تعداد 7 ہزار 843 ہو چکی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 306 کیسز اور 40 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ ایک ہزار 418 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 43 ہزار 963 تک پہنچ گئی۔

26 نومبر کو ملک میں کورونا وائرس سے صوبہ سندھ میں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 348 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 67 ہزار 381 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں 8 افراد ایسے تھے جو اس عالمی وبا کے باعث انتقال بھی کرگئے اور یوں یہ تعداد 2 ہزار 866 تک جا پہنچی۔

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 720 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 506 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 19مریض انتقال کر گئے جس کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 2 ہزار 923 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 514 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 45 ہزار 314 ہوگئی ہے، 5 افراد لقمہ اجل بنے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 344 ہو گئی ہے۔

بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 51 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 16 ہزار 942 تک پہنچ گئے۔ کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 165 ہو گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 576 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 28 ہزار 555 ہوگئی۔ کورونا سے مزید 6 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 297 ہوگئیں۔

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 87 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد آزاد کشمیر میں متاثرین کی تعداد 6 ہزار 403 ہوگئی۔ مزید ایک شخص کی موت کے بعد مجموعی تعداد 152 تک ہو چکی ہے۔

ادھر گلگت بلتستان میں وبا کے 10 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 583 ہوگئی۔ گلگت بلتستان میں اموات کی مجموعی تعداد 96 ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 418 افراد شفایاب ہوئے۔ شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 34 ہزار 392 ہوگئی ہے۔

Comments are closed.