کوئی ہمیں خطرے یا قوت کے زریعے نہیں جھکا سکتا، آرمی چیف

راولپنڈی(ویب ڈیسک) کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں۔

کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہوئی جس میں پاک بھارت جاری کشیدگی سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ بھارت کا ایل او سی پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا صرف آگ بڑھکا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جلتی پر تیل کا کام کر ر ہے ہیں۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں پلوامہ واقعہ کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ علاقائی امن کے لیے شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے روکنا ضروری ہے۔

کانفرنس کے شرکائنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی مہم جوئی اورجارحیت کے خلاف مادر وطن کا بھرپور دفاع کیا جائے گا،کور کمانڈرز کانفرنس نے نیشل ایکشن پلان 2014 کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درامد کے لیے دوسرے ریاستی اداروں کو مکمل معاونت دینے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف نے فورسز کے حوصلے اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور ترقی کی مثبت راہ پر گامزن ہے،انھوں نے
قوم کی طرف سے حمایت کو سراہا اور اللہ تعالٰی کی رحمت پر شکر ادا کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار اور چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ہمیں خطرے یا قوت کے ذریعے نہیں جھکا سکتا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پالیسی اور طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کی صوابدید رہے گا۔

Comments are closed.