کمانڈر سینٹکام کی وزیراعظم سے ملاقات ، دہشتگردی کیخلاف قربانیوں کااعتراف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے دورے پر آئے کمانڈر سینٹکام جنرل میکنزی کی پاکستان کی سیاسی اورعسکری قیادت سے ملاقاتیں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے خطے کی سلامتی واستحکام کے لیے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔

کمانڈر سینٹکام جنرل میکنزی کے دورہ پاکستان پر امریکی سفارتخانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق جنرل میکنزی نے کمانڈر سینٹکام بننے کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ کیا جس میں انہوں نے اعلیٰ پاکستانی سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

امریکی سفارتخانہ کے اعلامیہ کے مطابق جنرل میکنزی وزیراعظم عمران خان، وزیر دفاع پرویز خٹک اور سیکرٹری خارجہ سے ملے، انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں۔

پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں جنرل میکنزی نے خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے امریکی عزم دہرایا۔

کمانڈر سینٹ کام نے افغان امن مذاکرات میں پاکستانی کردار پر بات کی،جنرل میکنزی کو کالعدم تنظیموں کیخلاف حالیہ حکومتی کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا۔

Comments are closed.