کرپٹ عناصر سے حاصل رقوم تعلیم پر خرچ کرنا چاہتے ہیں، عمران خان

ہری پور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ عناصر سے حاصل ہونے والی رقوم کو تعلیم پر خرچ کرنا چاہتے ہیں نوآبادیات ایک قوم کے لیے تباہی ہے اور اس کی وجہ سے ہمارا خود پر اعتماد ختم ہوا ہے۔

ہری پور میں پاک آسٹریا فیگوچ شول انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھا کہ ہم کیوں اپنے سائنسدان نہیں بناتے، کیوں کوئی ایجاد نہیں کرتے؟ ہمارا مجموعی رویہ یہ ہے کہ ہم نقال بن گئے ہیں اور صرف نقل ہی کرکے اپنا گزارا کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو اس راستے پر چلنا چاہیے جس پر اللہ اسے عظیم ملک بنائے گا اور ہم وہ راستہ ڈھونڈ رہے ہیں، قائد اعظم اور علامہ اقبال خواب اور بات کرتے تھے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے اور باصلاحیت لوگ ہیں، ہم ایجادات چاہتے ہیں، اپنا نیا راستہ منتخب کرنا چاہتے ہیں، اس کے لیے ہمیں اپنی سوچ بہتر کرنا ہو گی۔

عمران خان نے کہا کہ جب سے ہماری حکومت آئی، تعلیم پر توجہ نہیں دے سکے، پہلا سال معیشت بہتر کرنے اور دوسرا سال کورونا میں گزر رہا ہے لیکن اب پوری توجہ تعلیم پر مرکوز کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ لوگوں سے حاصل ہونے والا پیسہ تعلیم پر لگانا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے قانون سازی بھی کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، معیشت کی بدولت ہم اپنا راستہ خود منتخب کرسکتے ہیں کیونکہ خوش قسمتی سے ہمارے ملک میں کثیر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہنر کی کمی نہیں ہے۔

پاکستان سے ہزاروں بچے او اور اے لیول میں معیاری نمبرز حاصل کرتے ہیں اور اگر امریکا میں مقیم پاکستانیوں کا جائزہ لیں تو وہاں ہر اچھی یونیورسٹی میں پاکستانیوں کی تعداد نظر آئے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاک آسٹریا فیگوچ شول انسٹی ٹیوٹ طلبہ و ماہرین کو بہتر مواقع فراہم کرے گا۔

عمران خان نے کہا پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے کہا کہ منصوبہ دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔پہلے مرحلے میں سڑکوں کی تعمیر اور پاور اسٹیشنز تھے اور اب اسپیشل اکنامک زون خیبرپختونخوا میں تیار ہورہا ہے.

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم معیشت کی بحالی اور استحکام لگانے کے لیے ، دوسرا سال گزرا تو کووڈ 19 شروع ہوگیا اور احسن طریقے سے اس مرحلے سے نکلے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جدھر سے بھی پیسہ بچے اس کو تعلیم کے فروغ کے لیے خرچ کیا جائے، میں سوچ رہا ہوں کہ قانون پاس کرایا جائے کہ کرپٹ عناصر سے حاصل ہونے والا پیسہ تعلیم پر خرچ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ترقی کی بدولت سنگاپور سالانہ 330 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ جبکہ ہم 22 کروڑ نفوس پر مشتمل آبادی والا ملک ہے جہاں سے صرف 25 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ہوتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ہری پور میں پاک آسٹریا فیگوچ شول انسٹی ٹیوٹ کے قیام کو خیبرپختونخوا کا انتہائی اہم اقدام قرار دیا۔

Comments are closed.