کراچی ایکسپو سینٹر کو اسپتال،بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سینٹرز بنانے کی تجویز

ویب ڈیسک

کراچی:کورونا وائرس کے باعث کراچی کے ایکسپو سینٹر کو 10 ہزار بستروں پر مشتمل اسپتال بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ملک کے بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کرنے کی تجویزبھی زیر غور ہے.

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے، اجلاس میں کورکمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل ہمایوں عزیز،صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرہ پیچوہو، سعید غنی، مشیر قانون، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، ڈی جی رینجرز عمر بخاری اور  دیگر حکام نے شریک تھے۔

ملک کے بڑے ہوٹلز قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کرنے کی تجویز این ڈی ایم اے نے دی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں بھی ایک اسپتال قائم کیا جائے گا جو 10 ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایک ہال سے شروع کرتے ہیں اور بڑھاتے جائیں گےکور کمانڈر کراچی نے ایکسپو سینٹر میں اسپتال اور آئسولیشن سینٹر قائم کرنے کے فیصلے میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ہم سندھ حکومت کی ہر طرح کی مدد کریں گے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کور کمانڈر کراچی اور سندھ حکومت کی ٹیم بنائی جا رہی ہے جو یہ کام سر انجام دے گی جب کہ سعید غنی حکومت سندھ کی طرف سے کمیٹی کی سربراہی کریں گے اور ٹیم میں کمشنر کراچی بھی شامل ہوں گے.

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کرنے کےلیے صوبوں کے چیف سیکریٹریوں کو خط لکھا ہے۔

آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو 16 مارچ کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کو مزید پھیلاؤ سے روکنے کے اقدامات کے پیش نظر ملک میں تھری اور فور اسٹار ہوٹلز کو خالی کرواکر قرنطینہ مراکز میں تبدیل کیا جائے۔

خط میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ کورونا وائرس کے ایک مشتبہ شخص کے لیے ایک کمرہ کی پالیسی اپنائی جائے، خط میں ہدایت دی گئی ہے کہ این ڈی ایم اے کو قرنطینہ مراکز کی تفصیلات سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔

Comments are closed.