پی ڈی ایم نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی تورہنما گرفتار ہونگے،فیاض چوہان

لاہور(ویب ڈیسک)پنجاب کےوزیرِ جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی تو رہنماوں کو گرفتار کر کے مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔

نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے سارے جلسے ملتوی کیے گئے مگر پی ڈی ایم نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا.

فیاض الحسن چوہان نے کہا اپوزیشن کی نجی تقریبات میں ایس او پیز اور کورونا ٹیسٹ کی شرط لازم ہے مگر عوام کے ساتھ ان کا رویہ دیکھ لیں کیسا ہے جب کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث ہسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔

صوبائی وزیر جیل خانہ جات کی طرف سے پی ڈی ایم قیادت بشمول مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز سے کورونا ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

بلاول کو پشاور جلسہ سے کورونا ہوا، شیخ رشید


ادھر پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پی ڈی ایم کے پشاور جلسہ سے کورونا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کسی بھی لیڈر یا چھوٹے بڑے کو نہیں دیکھتا ، یہی وجہ ہے کہ بلاول بھٹوزرداری کو بھی پشاور جلسے سے کورونا ہوگیا جب کہ وفاقی حکومت عوام کو کورونا سے بچانا چاہتی ہے.

اپوزیشن لوگوں کو مسلسل عالمی وباء میں جھونک رہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے کیے گئے پشاور اور گوجرنوالہ جلسوں کے بعد سے کورونا مریضوں میں اضافہ ہوگیا۔

وزراء کی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی کورونا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں جلسوں کا رتی بھر بھی جواز نہیں بنتا.

ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کسی کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،حزب اختلاف قومی ذمہ داریوں کو سمجھنے سے بلکل قاصر ہے.

Comments are closed.