پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان گرفتار،وزارت سے مستعفی

اسلام آباد (نیٹ نیوز )نیب لاہور نے سینئر صوبائی وزیر پنجاب وزیر علیم خان کو حراست میں لے لیاہے جب کہ علیم خان گرفتاری کے بعد وزارت سے استعفی’ دے دیا ہے۔

نیب نے وزیر بلدیات پنجاب علیم خان کو آف شور کمپنی کیس میں نیب لاہور میں طلب کیا تھا ایکسپریس نیوز کے مطابق سینئر وزیر پیش ہوئے اور نیب کے سوالوں کے جوابات دیے لیکن تسلی بخش جواب نہ دینے کے باعث نیب نے انہیں حراست میں لے لیا۔

سینئر صوبائی وزیر نیب لاہور اپنے اسٹاف کے ہمراہ پیش ہوئے تھے جو باہر کھڑے ان کا انتظار کرتے رہے لیکن علیم خان کے نیب آفس سے باہر نہ آنے پر ان کا اسٹاف اکیلے ہی واپس روانہ ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات علیم خان نے دوران حراست ہی اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے ہیں اور انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھجوادیا ہے۔

یاد رہے نیب لاہور سینئر صوبائی وزیر علیم خان کے خلاف آف شور کمپنی اور آمدن سے زائد آثاثہ جات بنانے کے الزام پر تحقیقات کر رہی ہے اور وہ اس سے پہلے نیب لاہور میں پہلے 3 بار پیش ہو چکے ہیں اور آخری پیشی پر انہیں ایک سوالنامہ دیا گیا تھا۔

نیب لاہور نے علیم خان کے ساتھ ان کی اہلیہ، والد اور والدہ کے اثاثوں کی بھی چھان بین شروع کررکھی ہے جب کہ نیب نے علیم خان اور ان کے قریبی عزیز و اقارب کے اثاثہ جات کی چھان بین کے لئے پنجاب کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلے بھی بھجوائے گئے تھے۔

Comments are closed.