پلاسٹک بیگز استعمال کرنیوالے سٹورز کو سربمہر کردیا جائے، لاہور ہائیکورٹ

فوٹو :فائل

لاہور(ویب ڈیسک )لاہور ہائیکورٹ نے پلاسٹک بیگز استعمال کرنیوالے سٹورز کو سربمہر کرنے کا حکم دے دیا، پلاسٹک بوتلوں میں پانی فروخت کرنیوالی کمپنیوں کو بھی نوٹسز جاری کر دیئے۔

جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے ابوزر سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ پیش ہوئے، عدالت نے کہا پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کرنے کا بیان حلفی دیں تو انہیں 7 دن کا وقت دیا جائے۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا جو سٹور پلاسٹک بیگز استعمال کر رہے ہیں انہیں سیل کر دیں، اگر ان کو خود خیال نہیں تو انہیں کاروبار سے نکال دیا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ نے پلاسٹک بوتلوں میں پانی فروخت کرنیوالی کمپنیوں کو بھی نوٹسز جاری کر دیئے۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا ساری دنیا میں پلاسٹک بوتلوں میں پانی بیچنا ترک کیا جاچکا ہے.

پوری دنیا میں اب پانی شیشے کو بوتلوں میں بیچا جا رہا ہے، پلاسٹک بوتلز میں پانی بیچنے والے یونٹس سب سے بڑے جرم دار ہیں، اگلے مرحلے میں ریسٹورنٹس اور بیکرز کی طرف جائیں گے۔

اس موقع پر سرکاری وکیل نے کہا صارفین کی طرف سے واویلا کیا جاتا ہے کہ انڈے کیسے لیکر جائیں۔ جس پر جسٹس شاہد کریم نے کہا صارفین کو کوئی علم نہیں، عدالت نے ماحول دشمن اشیاء کا خاتمہ کروانا ہے.

عدالتی ریمارکس میں کہا گیا کہ جب تک ہم یہ رویہ تبدیل خود نہیں کریں گے تب تک کچھ نہیں ہو گا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 مارچ تک ملتوی کر دی۔

Comments are closed.