پشاور، کراچی ایئر پورٹ، ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والے مسافر آف لوڈ


پشاور (زمینی حقائق ڈاٹ کام)ایئر پورٹس پر بغیر ویکسی نیشن ملکی پروازوں پر سفر کرنے کی پابندی پر عمل درآمد شروع کردیاگیا، پشاور ایئر پورٹ پر بغیر ویکسی نیشن سفر کرنے والے متعدد مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا۔

پشاور ائیرپورٹ پر و یکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر27 مسافر وں کو آف لوڈ کردیا گیا، اندرون ملک فضائی سفر کیلئیکورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جارہا ہے۔

ائیرپورٹ حکام کی طرف سے تصدیق کی گئی کہ باچا خان ائیرپورٹ پر27 مسافروں کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پرآف لوڈ کیا گیاحکام نے بتایا کہ مسافر نجی ائیر لائنز سے کراچی جارہے تھے۔دوسری جانب کراچی میں ایئرپورٹ پر کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر 8 مسافر آف لوڈ کیے گئے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے بتایا ہے کہ ایئرپورٹ منیجر کی زیرنگرانی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کیے جارہے ہیں کیوں کہ اندرون ملک فضائی سفر کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی پابندی اندرون ملک جانے والی پروازوں پرلاگو ہے جب کہ بیرون ملک سفر کرنے والے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، غیرملکی شہری بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

دوسری طرف وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اسد عمر نے بتایا ہے کہ ملک میں پہلی ایک کروڑ ڈوزز 113 دن اور دوسری ایک کروڑ خوراکیں 28 دن میں لگائی گئیں جب کہ کورونا ویکسین کی تیسری ایک کروڑ ڈوزز صرف 16 دن میں لگیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ہفتے کے تمام 6 دن کورونا ویکسین لگانے کی رفتار میں تیزی آئی اور گزشتہ روز صرف ایک دن میں 9 لاکھ 34 ہزار خوراکیں دی گئیں جب کہ مجموعی طور پر گزشتہ 6 روز میں کورونا ویکسین کی 50 لاکھ خوراکیں دی گئیں۔

Comments are closed.