پاکستان کو امریکہ طالبان امن معاہدہ تقریب میں شرکت کی دعوت مل گئی

فوٹو:اے ایف پی

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدے پر دستخطوں کی تقریب 29 فروری کو دوحہ میں ہو گی، تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان کو باضابطہ دعوت دے دی گئی ہے.

اس حوالے سے دفتر خارجہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق
پاکستان میں قطر کے سفیر صقر بن مبارک نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور انھیں 29 فروری کو امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی خصوصی دعوت دی۔

منگل کو جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ قطری سفیر  نے شاہ محمود قریشی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور قطری ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ جناب شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی کی جانب سے بھیجا گیا دعوت نامہ پیش کیا۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر قطر کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، امریکہ اور طالبان معاہدے سے متعلق اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ افغان تنازعےکا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ آج دنیا پاکستان کا موقف تسلیم کر رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان اور قطر کا کلیدی کردار ہے۔پاکستان پرامید ہے کہ امن معاہدے پر دستخط انٹرا افغان مذاکرات کی طرف لے جائیں گے۔

یاد رہے کہ امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان ایک ہفتے کی جنگ بندی کے بعد 29 فروری کو امن معاہدے پر دستخط ہونا طے پایا ہے۔

Comments are closed.