پاکستان کا ایران کے سیلاب متاثرین کیلئے 2جہاز امدادی سامان بھیجنے کااعلان

اسلام آباد(زمینی حقائق) پاکستان کا ایران میں حالیہ سیلاب سے متاثر ہ افراد کے لئے امدادی سامان کے دو جہاز بھیجنے کااعلان۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے وزیراعظم کی طرف سے امدادی سامان کے دو جہاز بھجوانے کی ہدایت سے آگاہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران میں حالیہ شدید سیلاب آور اس کے نتیجے میں ہونے والے کثیر مالی اور جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے 31 میں سے 25 صوبے سیلاب کا شکار ہونے ہیں ۔

شاہ محمود قریشی کاکہنا تھاایران میں شدید سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال تشویش ناک ہے،پاکستان کی حکومت اور عوام اس دکھ اور آزمائش کی گھڑی میں اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

انھوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر کمبل، شامیانے اور فرسٹ ایڈ باکسز پر مشتمل امدادی سامان کے دو جہاز فوری طور پر بھجوا رہے ہیں ۔

وزیر خارجہ کی اس مشکل گھڑی میں ایرانی وزیر خارجہ کو پاکستان کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے تعزیت کا اظہار کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بروقت امداد پر اپنی اور اپنی حکومت کی طرف سے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور حکومت پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

جاوید ظریف کا کہنا تھا پاکستان اور ایران تاریخی برادرانہ رشتوں میں جڑے ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا درد محسوس کیااور مشکل گھڑی میں ساتھ کھڑے ہوئے۔

Comments are closed.