پاکستان اور جنوبی افریقہ کا فیصلہ کن میچ آج کھیلا جائیگا


لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ آج شام قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے جنوبی افریقہ کو صرف3رنز سے ہرایا تھا آخری اوور میں میچ جیتنے کیلئے 19رنز درکار تھے اور فہیم اشرف نے 16رنز دیئے ۔

گزشتہ روز سیریزکے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 6وکٹوں سے شکست دی، بیٹنگ باولنگ ، فیلڈنگ ہر شعبہ میں مہمان ٹیم حاوی رہی ۔

سیریز کے فیصلہ کن میچ میں آج پاکستان کی ٹیم میں تبدیلیوں کی توقع ہے کیونکہ اب تک شعیب ملک اور محمد حفیظ کی جگہ لینے والے حسین طلعت اور حیدر علی بری طرح ناکام ہوئے ہیں اور کسی میچ میں بھی نہیں چل سکے۔

باولنگ میں بھی بیٹنگ کی صلاحیت رکھنے والے فائٹر حسن علی کی جگہ حارث روف کو کھیلایا گیا جو کہ نیوزی لینڈ میں بھی ناکام رہے تھے انھوں نے دونوں میچز میں10پلس کی اوسط سے رنز دیئے ہیں۔

اگرچہ خود سرفراز احمد سمیت ایک بڑی لابی انھیں بھی موقع ملنے کے انتظار میں ہے لیکن محمد رضوان کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے ان کے بطور وکٹ کیپر کھیلنے کے امکانات کم ہیں تاہم اگر انھیں بیٹسمین کی حثیت سے کھلایا جائے تو ممکن ہے۔

جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کا یہ آخری میچ ہے جو کہ شام 6بجے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اس میچ کے بعد مہمان ٹیم واپس چلی جائے گی جب کہ اپریل میں پاکستان کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کا دورہ کرناہے۔

Comments are closed.