ٹی وی اینکرڈاکٹر شاہد مسعود کو اڈیالہ جیل بھجوا دیاگیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) پی ٹی وی کرپشن کیس میں گرفتار ملزم ٹی وی اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود کو اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 23 نومبر کو شاہد مسعود کی ضمانت کی درخواست مسترد کی تھی جس پر ایف آئی اے نے انہیں کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کیا تھا اور اگلے ہی روز عدالت نے انہیں 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا تھا۔

آج (جمعرات) 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ایف آئی اے نے شاہد مسعود کو ڈیوٹی جج انعام اللہ کی عدالت میں پیش کیا۔

ایف آئی اے نے موٴقف اپنایا کہ ملزم پر کیٹرنگ اور دیگوں کا کاروبار کرنے والی کمپنی سیکرکٹ میچز کے نشریاتی حقوق کے معاہدے کا الزام ہے۔

شاہد مسعود نے کرکٹ میچز دکھانے کے لیے کیٹرنگ کمپنی سے معاہدے کی منظوری دی اور جعلی کمپنی کو 3 کروڑ 70لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔

اس موقع پرایف آئی اے نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے شاہد مسعود کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔

ڈاکٹرشاہد مسعود کو پیپلزپارٹی کے دور میں سابق صدر آصف زرداری نے چیئرمین پی ٹی وی لگایا تھا، ان پر بطور ایم ڈی پی ٹی وی جعلی کمپنی کے ساتھ کرکٹ میچز کا نشریاتی حقوق کا معاہدہ کرنے کا الزام ہے۔

Comments are closed.