وزیراعظم کو پیر سے مہنگائی کے خلاف ایکشن کا اعلان

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام )وزیراعظم عمران خان نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پیر سے مہنگائی کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پیر سے شروع ہونے والے آئندہ ہفتے ہماری حکومت اشیائے خور و نوش سستی کرنے کیلئے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائے گی۔

انھوں نے کہا ہم پہلے ہی مہنگائی کے عوامل کا جائزہ لیتے ہوئے تعین کررہے ہیں کہ آیا رسد میں واقعی کمی ہے، یا پھر مافیا کی جانب سے ذخیرہ اندوزی و اسمگلنگ وغیرہ اس کا سبب ہے، یا دالوں اور پام آئل وغیرہ کی عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتیں اس کی وجہ ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ بہرحال آئندہ ہفتے سے ہم اپنی حکمت عملی نافذ کریں گے اور اداروں سمیت تمام ریاستی وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کا آغاز کریں گے۔

گزشتہ کچھ عرصہ سے ملک میں مہنگائی کی وبا کورونا سے زیادہ تیزی سے پھیل چکی ہے۔ پھل، سبزی، مرغی، گوشت، دودھ ، اجناس مہنگے داموں پر فروخت کیے جارہے ہیں۔

حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ برسات کی وجہ سے سبزیوں کی فصل کی بربادی کو جواز بناکر گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے سبزیاں منہ مانگے داموں فروخت ہورہی ہیں۔

واضح رہے وزیراعظم پہلے بھی مہنگائی کم کرنے کی ہدایات دیتے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا ہی رجحان دیکھنے کو ملا ہے ۔

Comments are closed.