ہانگ کانگ پر حمایت، شکریہ پاکستان، ترجمان چینی وزارت خارجہ

ویب ڈیسک

بیجنگ: چین نے ہانگ کانگ کے معاملے پر حمات کرنے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک مباحثے کے دوران پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونینگ نے معمول کی میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ انصاف کے حق میں بولنے پر پاکستان اور اُن تمام ممالک سے اظہار تشکر کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا ہم ان سب ممالک کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے ہانگ کانگ کے معاملے پر چین کی حمایت کی،ترجمان ہوا چونینگ نے مزید کہا کہ دوست ممالک کی حمایت سے ثابت ہوگیا چین کا موقف درست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ اور سنکیانگ کے معاملات کے بہانے چین کو بدنام کرنے کی مغربی ممالک کی تمام سازشیں ناکام ہوگئی ہیں اس سے یہ امید بھی بڑھ گئی کہ دنیا میں ابھی انصاف برقرار ہے۔

پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے رواں ہفتے ہی ہانگ کانگ کو چین کا داخلی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ خود مختار ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہیں۔

پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے یہ بیان اقوام متحدہ میں جرمنی کی جانب سے ہانگ کانگ میں سیاسی آزادی کی خلاف ورزی اور سنکیانگ میں یغور مسلمانوں پر جبر کیخلاف جرمنی کے بیان کے جواب میں 55 ممالک نمائندگی کرتے ہوئے دیا تھا۔

Comments are closed.