وزیراعظم کودورہ سعودی عرب میں چاولوں کے سوا کیا ملا؟بلاول


کراچی( ویب ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیاہے کہ آپ کودورہ کے دوران سعودی عرب سے چاول کے 19 ہزار تھیلوں کے علاوہ کیا کامیابی ملی ہے؟

کراچی سے جاری ہونے والے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے اخراجات کا زکوٰة کی مد میں حاصل ہونے والے چاولوں کے تھیلوں کی قیمت سے موازنہ کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد ایٹمی ملک کو زکوٰة کے چاول کے لائق بنانے کیلئے تھی؟ دعا ہے کہ خدا کسی کو ایسی جدوجہد کی توفیق نہ دے،انہوں نے کہا کہ عمران خان سے عوام حساب لیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کو علم ہی نہیں کہ وہ تبدیلی کے سونامی سے قیامت برپا کرچکے ہیں،وزیرِاعظم صاحب! نوٹس لے کر مہنگائی پر قابو پانے کے آپ کے دعوے بے نقاب ہو چکے ہیں مہنگائی میں تو نوٹس کے باوجود کوئی فرق نہیں پڑاہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے سوال کیا کہ تنخواہ دار تو کچھ گزارا کر سکتے ہیں، عمران خان نے دہاڑی دار مزدوروں کے لیے کیا پالیسی بنائی ہے؟وزیرِ اعظم غریبوں پر رحم کریں، صرف ایک سال میں بیکری اشیاء کی قیمتوں میں 19 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کے پاس ذخیرہ اندوزوں کو قابو کرنے کیلئے کوئی پالیسی ہی نہیں ہے ، دن بدن حالات خراب ہو رہے ہیں بہتری نظر نہیں آرہی۔

Comments are closed.