وزیراعظم عمران خان نے مہمنڈ ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

مہمند(ویب ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب سے خطاب میں مہمند ایجنسی میں ساڑھے 4 ارب روپے خرچ کرنے کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے تاریخ ساز منصوبے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا، تقریب میں وفاقی وزرا، چیئرمین واپڈا اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ بھی شریک ہیں۔

مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے، 700 فٹ بلند ڈیم میں 12 لاکھ 9 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔ مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو جائے گی۔

آبی ذخائر سے ابتدا میں 16 ہزار 37 ایکڑ رقبہ سیراب کیا جا سکے گا، ڈیم کی تعمیر سے سیلاب کے نقصانات پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی جبکہ اس سے 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔

وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ فیصل واوڈا کے جو دل میں تھا سب کہہ دیا ہے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مشکور ہوں انہوں نے ڈیم کے لیے جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ عدالتوں کا کام نہیں کہ ڈیم بنائیں، حکومتوں کا کام ہے لیکن ہماری حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے جوڈیشری کو آگے آنا پڑا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وادی تیراہ وہ علاقہ ہے جہاں انگریزوں کو شکست ہوئی، پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ جنگ زدہ علاقوں میں لوگ سرمایہ کاری نہیں کرتے۔ آج لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت پر ترقیاتی فنڈز سے متعلق مثال دیکھ لیں، لاہور میں اوسط فی کس 70 ہزار روپے خرچ ہوتے تھے، دیگر علاقوں کے لوگوں نے بھی لاہور کا رخ کرلیا۔ اس وجہ سے لاہور کی آبادی بڑھی اور پانی جیسے مسائل پیدا ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے ساڑھے 4 ارب روپے مہمند پر خرچ کیے جائیں گے، سوئی کے علاقے سے قدرتی گیس نکلی اور پورے ملک میں چلی گئی، سوئی کے علاقے کو دیکھیں تو موئن جو دڑو کا مقابلہ کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا فیصلہ کیا ہے جس علاقے میں قدرتی وسائل ہوں گے انہیں فائدہ ہوگا۔ افغانستان کے ساتھ تجارت کے راستے کھولے جائیں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں 2 جی اور 3 جی کی سہولت دی جائے گی، قبائلی علاقوں میں تعلیم اولین ترجیح ہے فوری اقدامات کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنا ہے، چین کی نئی ٹیکنالوجی ہے ایک ہفتے میں ایک فلور تعمیر کر دیتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی حامل چینی کمپنی پاکستان میں بھی جلد کھلنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کا دورہ کر کے آیا ہوں، چین نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ الیکشن کے لیے گفتگو نہیں کروں گا ہم نے کام کر کے دکھانا ہے۔ ہمارے پاس صرف 2 بڑے ڈیم اور باقی چھوٹے چھوٹے ڈیم ہیں۔ چین میں 80 ہزار ڈیم ہیں وہ مستقبل کا سوچ رہے ہیں۔

Comments are closed.