ورلڈ کپ، پاکستان نے انگلینڈ کو14رنز سے ہرادیا

اسلام آباد(سپورٹ ڈیسک) پاکستان نے ورلڈ کپ کے اپنے دوسرے میچ میں سخت مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 14رنز سے ہرا دیا۔

ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور پاکستان نے 348رنز بنائے تھے۔

امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان 21 ویں اوور میں ہوا جب معین علی کی گیند پر کرس ووکس نے امام الحق کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کو تیسرا نقصان 199 کے مجموعے پر ہوا جب بابر اعظم معین علی کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے، انہوں نے 63 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔

محمد حفیظ نے بھی 62 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ آصف علی 14 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز احمد نے 55 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں کرس ووکس نے اپنی ہی گیند پر کیچ آوٴٹ کیا۔،پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز اسکور کئے ۔

انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے تین، مارک ووڈ اور کرس ووکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔انگلینڈ نے تھوڑے مشکل آغاز کے بعد خوب مقابلہ کیا۔

جیسن رائے اور جونی بیئراسٹو نے اننگز کا آغاز کیا تاہم صرف 12 کے مجوعی اسکور پر شاداب خان نے جیسن رائے کو آوٴٹ کرکے پاکستان کو اہم وکٹ دلادی۔

انگلینڈ کی دوسری وکٹ 60 کے مجوعی اسکور پر گری جب جونی بیئراسٹو 32 رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بن گئے۔

86 کے مجوعی اسکور پر کپتان اوئن مورگن کو محمد حفیظ نے ٹھکانے لگادیا، وہ صرف 9 رنز بناسکے،اس کے بعد بین اسٹوکس 13 رنز بناکر شعیب ملک کا شکار بن گئے۔

پانچویں وکٹ پر جوئے روٹ اور جوز بٹلر نے انتہائی شاندار اننگز کھیلی اور 130 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ اس موقع پر میچ پاکستان سے دور جاتا ہوا دکھائی دیا تاہم 248 کے مجموعی اسکور پر جوئے روٹ 107 رنز بناکر شاداب کا شکار بن گئے۔

288 کے مجوعی اسکور پر انگلینڈ کے آخری اہم بیٹسمین جوز بٹلر بھی 103 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے، ان کی اہم وکٹ محمد عامر نے اہم موقع پر حاصل کی اور پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔

انگلینڈ کے تابوت میں آخری دو کیلیں وہاب ریاض نے ٹھونکیں، انہوں نے 320 کے مجموعی اسکور پر یکے بعد دیگرے معین علی اور کرس ووکس کو پویلین کی راہ دکھا کر گرین شرٹس کی فتح یقینی بنادی۔

اس کے بعد محمد عامر نے جوفرا آرچر کو ایک رنز پر آوٴٹ کیا ،یوں انگلینڈ مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز تک محدود رہا اور اسے 14 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یادرہے پاکستان کو ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سات وکٹوں سے باآسانی شکست دی تھی، اس میچ میں پاکستان ٹیم میں تجربہ اور پاور ہٹنگ دونوں ہی کی کمی محسوس کی گئی تھی۔

Comments are closed.