ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 ، بنگلادیش نے پاکستان کو 23 رنز سے ہرا دیا
فوٹو : پی سی بی ایکس
اسلام آباد: آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 ، بنگلادیش نے پاکستان کو 23 رنز سے ہرا دیا، انڈیا اور جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد یہ ایونٹ میں قومی ویمن ٹیم کی مسلسل تیسری ناکامی ہے۔
زمبابوے کیخلاف سنچریاں بنانے والی بیٹرز وکٹ پہ آتی اور واپس جاتی رہیں، ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بنگلادیش کے 124 رنز کی ہدف کے تعاقب میں قومی مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 100 رنز ہی بنا سکی۔
اوپنرز کی جانب سے شاندار آغاز اور پہلی وکٹ پر 49 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرنے کے باوجود قومی ویمن ٹیم کا مڈل آرڈر 12 اوورز میں مزید 75 رنز بنانے میں ناکام رہا۔
اوپنرز منیبہ علی نے 25 اور گل فیروزہ نے 23 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ عائشہ ظفر 11 اور کپتان فاطمہ ثنا 10 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکی۔
بنگلادیش کی جانب سے سنجیدہ اختر اور ناہیدہ اختر نے تین تین وکٹیں لیں جبکہ رابعہ خان اور رتو مونی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بنگلادیش ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 123 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے شورنا اختر نے 22 گیندوں پر 39 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں نگار سلطانہ 36 اور سبحانہ مستری نے 22 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سعدیہ اقبال، تسمیہ رباب، نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن نے ایک ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کو اس سے قبل بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف میچز میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، ایونٹ میں اب پاکستان نے نیدرلینڈ اور آسٹریلیا کا سامنا کرنا ہے۔
Comments are closed.