نوروز عالم افروز، موسم بہار کا پہلا دن

ویب ڈیسک

مختلف ممالک میں جشن نوروز اپنے اپنے انداز میں منایا جاتا ہے خاص کر وسطی ایشیائی ریاستوں، افغانستان، ایران ، پاکستان میں گلگت بلتستان سمیت بعض قبائلی اضلاع میں بھی منایا جاتاہے۔

انسان نے اپنی معاشرتی زندگی کے آغازسے ہی اپنے اردگرد پیش آنے والے قدرتی حوادث اور تبدیلیوں کا مشاہدہ کرنا شروع کردیا تھا اور یوں وہ سال کے مختلف حصوں میں تبدیل ہونے والے موسموں کی جانب متوجہ ہوا۔ اس کے بعد کسی موسم کے شروع اوراختتام کا تعین کیا گیا اورفصلوں کی کاشت اور کٹائی کے لیے معقول وقت کا تعین کرلیا گیا۔ پہلے پہل چاند کی گردش کی اساس پرکیلنڈر وجود میں آیا اوربعد میں کاشتکاری کے سالانہ ایام کے فرق کو شمسی کیلنڈرلا کردور کردیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی نوروز کی مبارک باد دی ہے، خاص کر پاکستان میں نوروز منانے والوں کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قدیم زمانے میں ایران کے رہنے والے لوگ سال کو دو حصوّں میں تقسیم کرتے تھے جس میں 10 مہینے سردیوں کے اور 2 گرمیوں کے ہوا کرتے تھے۔ وقت کے ساتھ سال کو دو حصوں میں ایک اورانداز سے تقسیم کیا گیا جس میں گرمیاں سات مہینوں ( ایرانی مہینے فروردین سے آبان تک ) اور سردیاں پانچ مہینوں ( آبان سے فروردین ) پر مشتمل ہوا کرتی تھیں۔ بالاخر ان کے بعد آنے والے ایرانیوں نے سال کو چار موسموں میں تقسیم کیا جس میں ہرموسم 3 مہینوں پرمشتمل ہے۔

نوروز کے لفظی معنی
لفظ نوروز فارسی زبان سے مشتق ہے اوراس کے لغوی معنی ہیں ”نیا دن“۔ ایرانی کلینڈر کے مطابق نوروزسالِ نو اوربہار کا ایک ساتھ استقبال کرنے کا دن ہے اور یہ دن مغربی چین سے ترکی تک کروڑوں لوگ 20 مارچ کومناتے ہیں۔ نوروز شمسی سال کے آغازاوربہار کی آمد کا جشن بھی ہے اور ایران، افغانستان، تاجکستان، ازبکستان، پاکستان، بھارت کے کچھ حصوں اورشمالی عراق اور ترکی کے کچھ علاقوں میں کیلنڈر سال کا نقطہ آغاز بھی یہی دن ہے۔

نوروز کی اسلامی اہمیت
اسلامی تاریخ میں تقویم کے اعتبار سے نوروز ہی کا دن ہے جب پہلی بار دنیا میں سورج طلوع ہوا، درختوں پر شگوفے پھوٹے،حضرت ا?دم علیہ السلام زمین پراترے، حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی کوہ جودی پراتری اور طوفان نوح ختم ہوا،حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بتوں کو توڑا اور نبی آخرالزمان صلی علیہ وا?لہ وسلم پرنزول وحی کا آغاز ہوا۔

تقریبات کا انعقاد
نوروز کے موقع پر مختلف دعائیہ اور سماجی تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے اور مخصوص پکوان تیار کیے جاتے ہیں، ایران میں یہ تہوار 13 دن تک منایا جاتا ہے جبکہ افغانستان میں نوروز کی تقریبات کے ا?غازکا سرکاری اعلان مزارشریف سے کیا جاتا ہے۔ وسط ایشیائی ممالک میں بھی نوروز کو تہوار کی طرح منایا جاتا ہے جبکہ پاکستان اور بھارت کے کچھ علاقوں میں نوروز کے دن خصوصی دعاوں کا اہتمام ہوتا ہے۔

Comments are closed.