نواز شریف کو 10مریم نواز7کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفد ر کو سزائیں سنا دیں۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر نے جمعے کو عدالت کے باہر فیصلہ سناتے ہوا بتایا تھا کہ نواز شریف کو ایون فیلڈ کیس میں دس سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ انھیں 80 لاکھ پاوٴنڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا کے نمائندوں کے سامنے فیصلہ پڑھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ کیس میں نواز شریف کو دس سال قید ، 8ملین پونڈ جرمانہ اور دس سال کیلئے نااہل کردیا۔

مریم نواز کو اثاثہ جات چھپانے میں نواز شریف کی مدد پر سات سال قید کی سنائی ہے جبکہ انھیں 20 لاکھ پاوٴنڈ جرمانہ کیا گیا ہے۔مریم نواز کو کیلیبری فونٹ کے معاملے میں غلط بیانی پر شیڈول 2 کے تحت ایک برس قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔

‘کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی ایک سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔’ کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق تحقیقات میں نیب کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر سزا سنائی گئی ہے۔

سزا ملنے کے بعد مریم نواز 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے کی اہل نہیں رہی ہیں۔ وہ لاہور کے حلقہ این اے 127 سے الیکشن لڑ رہی تھیں۔ اسی طرح این اے 14سے کیپٹن صفدر نااہل ہو گئے ہیں۔

نیب کے پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا ہے عدالت نے اپنے فیصلے میں وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ ایون فیلڈ اپارٹنمٹس کو بحقِ سرکار ضبط کر لیا جائے۔

ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے میں احتساب عدالت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو دس برس کے لیے انتخابات لڑنے کے لیے بھی نااہل قرار دیا ہے اور فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نااہلی کی مدت کا آغاز اس دن سے ہوگا جس دن یہ اپنی قید کی سزا مکمل کر کے رہا ہوں گے۔

احتساب عدالت نے نواز شریف کو دو مختلف شیڈول کے تحت دس برس اور ایک برس مریم نواز کو سات برس اور ایک برس جبکہ کیپٹن صفدر کو ایک برس قید کی سزا سنائی ہے۔

فیصلے کے مطابق اس سزا میں سے نواز شریف کی دس برس، مریم نواز کی سات برس جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کی ساری قید بامشقت ہے۔

Comments are closed.