نوازشریف کے گارڈ کا ٹی وی چینل کے کیمرہ مین پر تشدد

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف کے گارڈ نے سماء ٹی وی کے کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔

پارلیمنٹ ہاوس کے باہرسماء ٹی وی سے وابستہ کیمرہ مین واجد علی نواز شریف کی پارلیمنٹ سے روانگی کی فوٹیج بنا رہا تھا جب سابق وزیراعظم کے گارڈ نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔

نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کو بے ہوشی کی حالت میں پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔واقعے کے بعد صحافیوں نے پارلیمینٹ کے گیٹ نمبر ایک پر احتجاجی دھرنا دے کر بلاک کردیا۔

صحافیوں نے اور تشدد کرنے والے ایک گارڈ کو پکڑ کر پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کے حوالے بھی کر دیا۔مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب پولی کلینک اسپتال پہنچ گئیں جہاں انہوں نے کیمرہ مین واجد علی کو انصاف دلوانے کی یقین دہانی کروائی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میں اس وقت پولی کلینک میں کیمرہ مین واجد علی کے ساتھ موجود ہوں، میاں صاحب نے کسی کو تشدد کرنے کا آرڈر نہیں دیا۔

ٹی وی کیمرہ مین پر تشدد کرنے والے ملزم منصب علی کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد میں مقدمہ درج کرلیاگیاہے جس میں موٴقف اپنایا گیا کہ نوازشریف کے سیکیورٹی گارڈ نے کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

Comments are closed.