نوازشریف کی اسامہ سے ملاقاتیں، مودی سے باتیں،شیخ رشید کے انکشافات

فوٹو: سکرین گریب

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ان دنوں مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف کاسیاسی احتساب شروع کیا ہوا ہے اور ایک بار پھر سابق وزیراعظم سے 10 سوالات پوچھے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف بتائیں انہوں نے اسامہ بن لادن سے کتنی بار ملاقاتیں کیں ؟ اجمل قصاب کے گھر کا پتہ غیرملکیوں کو کس نے دیا ؟ نواز شریف مودی کو باہرسے فون کیوں کرتے تھے ؟

وزیر ریلوے نے کہا کہ ووٹ کی بات کرتے ہیں کورٹ کی بات کیوں نہیں کرتے ؟ بیماری کا بہانہ بنا کر عدالتوں سے فرار کون ہے ؟ ڈان لیکس کے پیچھے کون تھا ؟ سال 2013 کے عام انتخابات میں کتنا خرچہ کیا ؟ قوم کو آگاہ کیا جائے کہ انتخابات کے لیے قطر سے کتنی رقم آئی ؟

شیخ رشید نے نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کی بات کرتے ہو، کورٹ کی بات کیوں نہیں کرتے، قومی ایشوز پر ملاقاتیں کرتے ہیں اور ذاتی ایجنڈے پر بات کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں ایک نہیں کئی ایک ملاقاتوں کی بات کرتا ہوں، کئی بار ان کی ملاقات لمبی ہو جاتی تھی تو مجھے گاڑی میں ہی بیٹھنا پڑتا تھا۔

شیخ رشید احمد نے یہ بھی پوچھا کہ نوازشریف بتائیں سجاد علی شاہ پر حملے کے لیے لاہورسے بسیں کس نے بھیجیں ؟ لندن سے پتھراؤ کی منصوبہ بندی کتنے دنوں میں ہوئی ؟

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدالت طلب کرتی ہے تو بہانہ بنایا جاتا ہے کہ طبیعت ٹھیک نہیں ہے لیکن سیاسی سرگرمیوں کیلئے وہ تندرست دکھائی دیتے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے مسلم لیگ ن میں ش لیگ کے بعد ط لیگ کی بھی پیشگوئی کر دی، انہوں نے کہا کہ کسی شخص نے میری بات پر یہ نہیں کہا میں غلط کہہ رہا ہوں اور میں کسی سے ہدایات لے کر بات نہیں کرتا۔

انھوں نے کہا کہ میں 14 وزارتوں پر فائز رہا ہوں اور سینئر ہوں مشورے دیتا ہوں لیتا نہیں۔ مجھے خدشہ ہے ن اور ش میں ط لیگ نہ نکل آئے۔ شین لیگ بہتری کا راستہ اختیار کرنا چاہتی ہے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ میں آرمی چیف سے ملاقات کروں تو میرے لیے اعزاز کی بات ہے لیکن میں خفیہ ملاقاتیں نہیں کرتا، دن میں ملتا ہوں اورخوشی سے ملاقات کرتا ہوں۔ 36 سال میں محمد زبیر کی آرمی چیف سے ملاقات نہیں ہوئی۔

Comments are closed.