نشتر اسپتال کے مزید4ڈاکٹروں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے

فوٹو: فائل

ملتان (ویب ڈیسک) ملتان کے نشتر ہسپتال میں مزید 4 ڈاکٹروں میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وائرس سے متاثرہ ڈٓاکٹروں کی مجموعی تعداد 18 ہو چکی ہے۔

گزشتہ روز نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا مریضوں کے علاج پر مامور 13 ڈاکٹروں کے خود وائرس سے متاثر ہونے کا انکشاف سامنے آیا تھا
آج مزید ڈاکٹروں کے ٹیسٹ کئے گئے جو مثبت آئے ہیں۔

یوں اب کورونا سے متاثرہ ڈاکٹروں کی تعداد 18 ہو گئی ہے کہ اب زیر علاج ہیں،ملتان کے نشتر ہسپتال میں 63 میں سے 18 ڈاکٹروں میں وائرس کا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ مشتبہ مریضوں میں نرسز اور ڈاکٹروں کی تعداد 160 تک پہنچ چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو)، نیفرولوجی، میڈیکل اور ایمرجنسی کے شعبوں سے مزید نمونے لے کر ادارے کی لیبارٹری میں تشخیص کے لیے بھجوادیے گئے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نشتر ہسپتال کی صورتحال کا نوٹس لے کر محکمہ صحت کے حکام کو طبی عملے کو حفاظتی کٹس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کورونا وائرس سے فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

جو ڈاکٹر اور نرسز کووِڈ میں مبتلا پائے گئے انہیں مظفر گڑھ کے رجب طیب اردوان ہسپتال منتقل کردیا گیا، نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مصفطیٰ کامل پاشا نے تصدیق کی کہ ٹیسٹ کے لیے 130 ڈاکٹروں سمیت 160 طبی ماہرین کے نمونے لیے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں ذاتی تحفظ کے آلات کی مناسب تعداد موجود ہے اور انہوں نے اس الزام کو بھی مسترد کردیا کہ ڈاکٹروں کو کٹس مہیا نہیں کی جارہیں،ان کا کہنا تھا کہ ’اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر کے تحت ہم صرف انہیں کٹس فراہم کررہے ہیں جو کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کررہے ہیں۔

Comments are closed.