میٹر ک امتحانات 20جون کے بعد ، سیاحت و ٹرانسپورٹ کی مشروط اجازت


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح کے بعد پابندیوں میں نرمی کااعلان کیا ہے اور فیصلہ کیا گیاہے کہ24مئی سے تعلیمی ادارے کھلنے کے علاوہ آوٹ ڈور ریسٹورنٹس رات 12بجے تک کھلیں گے، میٹرک کے امتحانات20جون کے بعد ہوں گے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس میں یہ اہم فیصلے کئے گئے اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت، وزیر صحت سندھ اور تمام وفاقی اکائیوں کے چیف سیکریٹریز نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ جن اضلاع میں کورونا کی شرح 5 فیصد سے کم مثبت شرح کے حامل اضلاع میں تعلیمی ادارے سمیت دیگر شعبوں کو مرحلہ وار کھول دیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق آؤٹ ڈور ریسٹورنٹس رات 12بجے تک جبکہ کھانا ساتھ لے جانے کی سہولت 24 گھنٹے دستیاب ہوگی.

اس کے علاوہسیاحت کا شعبہ کووڈ پروٹوکولز کی مکمل پاسداری کے ساتھ کھول دیا جائے گا اور صوبوں کے حوالے سے الگ ہدایات جاری کی جائیں گی۔

این سی او سی کے مطابق 27 مئی کو جائزہ لینے کے بعد یکم جون سے کھلے مقامات میں شادی کی تقریبات کی اجازت ہوگی تاہم شرکا کی تعداد 150 تک محدود ہوگی، یکم جون سے مخصوص سرجریز کی بھی اجازت ہوگی۔

اعلامیہ میں کہا گیاہے جہاں تعلیمی ادارے 24 مئی کو نہ کھلے ہوں وہ بھی 7 جون کو کھلیں گے، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے تمام امتحانات 20 جون کے بعد منعقد ہوں گے، تمام پروفیشنلز اور نان پروفیشنلز امتحانات وزارت صحت کی تجویز پر کیس ٹو کیس کی بنیاد پر ہوں گے۔

اعلامیہ کے مطابق تمام مزارات، سنیما، پارکس، انڈور جم بدستور بند رہیں گے تاہم ایس او پیز پر سختی کے ساتھ ٹریکس پر واکنگ اور جوگنگ کی اجازت ہوگی، ہوٹلوں کے اندر کھانے کی اجازت نہیں ہوگی، کھیل، میلے، ثقافتی، موسیقی اور دیگر پروگراموں پر پابندی ہوگی۔

کھلے اور بند مقامات میں تمام قسم کے اجتماعات بشمول مذہبی اجتماعات پر پابندی ہوگی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر22 مئی سے ہفتے میں دو دن پابند ہوگی، گڈانی اور مسری شاہ انڈسٹریز کو 20 مئی سے کھول دیا جائے گا ۔

اس سے قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ ہمیں ویکسینیشن کے ہدف کو پورا کرنا ہے اور عوام پر زور دیا کہ وہ ویکسین لگوائیں تاکہ حکومت پابندیاں ہٹانے میں آسانی ہوگی اور حالات معمول پر آئیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ خطے کے حوالے سے برطانیہ، امریکا اور یورپی ممالک کے جیسے حالات کا خوف تھا لیکن عوام اور انتظامیہ کا شکریہ کہ انہوں نے عیدالفطر کے دوران محنت کی، شکرہے عید سکون سے گزر گئی وائرس پھیلنے سے روکنے کے اقدامات موثر ثابت ہوئے۔

Comments are closed.