ملک بھر میں ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی

ویب ڈیسک

لاہور: کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر ملک بھر میں مسافر ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرین سروس کی معطلی کا اطلاق رات 12 بجے سے 31 مارچ تک 7 روز کے لیے ہوگا، اس سے قبل وزیر ریلوے نے 42 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کیا تھا.

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کے ٹکٹ کی رقم ٹرین سروس کی بحالی پر دوبارہ ٹکٹ استعمال کرنے یا رقم کی واپسی کی صورت میں کردی جائے گی۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے یہ بھی کہا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پیشِ نظر مسافروں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے 34 ٹرینیں 15 رمضان تک بند رہیں گی۔

اسلام آباد میں کی گئی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا تھا کہ 12 ٹرینیں پہلے چلنا بند ہوں گی جس میں خوشحال خان خٹک، شاہ لطیف اور راوی شامل ہیں جبکہ باقی ٹرینیں 24 مارچ کی رات سے بند ہوجائیں گی۔

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر پاکستان پہلے ہی دو 2 ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمد کو معطل کردیا تھا۔

21 مارچ کی رات 8 بجے سے دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کو معطل کیا گیا تھا اور یہ 4 اپریل کی شام 8 بجے تک پاکستان آنے والی پروازیں معطل رہیں گی۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور یہ تعداد آج 900 سے تجاوز کر گئی ہے۔

سندھ اور پنجاب کے بعد اب ملک بھر میں دو ہفتوں کےلیے لاک ڈاؤن بھی کر دیا گیا ہے جس کے باعث ملک بھر میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے جبکہ شہریوں کو گھروں میں رہنے کا کہا گیا ہے.

Comments are closed.