مفتی منیب الرحمان سےرویت ہلال کمیٹی کی چیئرمین شپ چھن گئی

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) 20 سال تک رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین رہنے والے مفتی منیب الرحمان کووفاقی حکومت نے ان کے عہدے سے ہٹا کر بادشاہی مسجد لاہور کے مہتمم مولانا عبدالخبیر آزاد کو کمیٹی کا نیا چیئرمین بنا دیا ہے۔

وزارت مذہبی امور سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کر دی گئی ہے اور کمیٹی میں 19 ارکان شامل ہیں جبکہ کمیٹی کے نئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد ہوں گے.

کمیٹی دیگر اراکین میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم، ڈاکٹر یاسین ظفر، مفتی اقبال چشتی، ڈاکٹر مفتی علی اصغر، مفتی فیصل احمد اور سید علی قرار نقوی شامل ہیں۔

مفتی یوسف کشمیری، حافظ عبدالغفور، مفتی فضلِ جمیل، مفتی قاری میر اللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی اور مفتی ضمیر ساجد بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

کمیٹی میں اسپارکو، محکمہ موسمیات، وزارت سائنس ٹیکنالوجی اور وزارت مذہبی امور کا 20 گریڈ کا ایک، ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا.

واضح رہے کہ مفتی منیب الرحمان کو 20 سال قبل 2000 میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی بنایا گیا تھا اور 2012 میں اس حوالے سے دوبارہ نوٹی کیشن جاری کیا گیا تھا۔

Comments are closed.