خواجہ آصف کی گرفتاری انتقامی کاروائی ہے،مسلم لیگ ن سعودی عرب

ریاض(زمینی حقائق ڈاٹ کام )سعودی عرب میں پاکستان مسلم لیگ ن ریاض ریجن کی جانب سےسنئیر لیگی رہنما خواجہ محمد آصف کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے فوری انھیں چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا ہے.

ریاض میں مسلم لیگ ن کے سنئیر نائب صدر شیخ سعید احمد کا دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ نیب ایک ایسا متنازعہ ادارہ بن چکا ہے جو حکومتی ایما پر کاروائیوں میں مصروف ہے نیب کی بدولت آج پوری دنیا میں ملک کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے.

کرپشن کے خاتمے کے نام پر نام نہاد جھوٹے الزامات اور ریفرنس دائر کرکے ملکی نظام میں ایسا خلل پیدا کر دیا گیا ہے کہ نظام آگے چل ہی نہیں رہا ہے حکومت کے پاس اپوزیشن کی باتوں کا کوئی جواب نہیں اس لئے نیب کے ذریعے گرفتاریاں کرکے معاملات کو خود ہی الجھا رہی ہے.

انھوں نے کہا کہ خواجہ آصف کی گرفتاری سے قبل بھی شہبازشریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر مسلم لیگی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں مگر ایک کیس بھی آج تک ثابت نہیں ہوسکا ہے.

مریم نواز نواز کی طرح ان لیگی رہنماؤں نے بھی الزام لگایا کہ نیب اور وزیراعظم عمران خان کا گٹھ جوڑ ملک میں افراتفری پھیلانے کے علاوہ مخالفین کو دیوار سے لگانے کی ایک ناکام کوشش کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے.

مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے جنرل سیکرٹری محمد اصغر چشتی کا کہنا تھا کہ نیب کو وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں بیٹھے نیب زدہ وزراء نظر کیوں نہیں آتے کیونکہ نیب حکومت کی آلہ کار کے طور پر استعمال ہو رہا ہے خواجہ محمد آصف ایک سنئیر ترین سیاست دان ہیں ان کی گرفتاری سے عوامی حلقوں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے.

انھوں نے کہا کہ نیب یا وزیراعظم کو آٹا، چینی چور نظر نہیں آتے ایسے وزیر نظر نہیں آتے جو غلط پالیسیوں کی بدولت ملکی خزانے کا نقصان کرتے جا رہے ہیں ان کا محاسبہ بھی ہوگا اور بہت جلد عمران خان کی حکومت گھر جائے گی اور پھر ان کا ایک ایسا احتسابی عمل شروع ہوگا جو عوام کریں گے.

پریس کانفرنس میں عدنان اقبال بٹ، مخدوم امین تاجر، محمود احمد باجوہ نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے جہاں خواجہ محمد آصف کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انھیں چھوڑنے کا مطالبہ کیا اور گرفتاریوں کو حکومتی انتقامی کاروائیاں قرار دیا.

Comments are closed.