لاہور قلندر کو ایک اور شکست۔ ملتان اور کراچی برابر

اسلام آباد( ویب ڈیسک)  پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد نے سپر اوور میں لاہور کو شکست دے دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے بارہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 121 رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 121 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں میچ برابر رہا جس کے بعد سپر اوور کروایا گیا۔

سپر اوور میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میکلم اور عمر اکمل کے چھکوں کے مدد سے 15 رنز بنائے جب کہ محمد سمیع نے میکلم کی وکٹ بھی حاصل کی جس کے جواب میں آصف علی اور اندرے رسل نے اننگز کا آغاز کیا اور لاہور کی جانب سے مستفیض الرحمان نے اوور کروایا مگر رسل نے آخری گیند پر چھکا لگا کر اسلام آباد کو فتحیاب کروایا۔

آغا سلمان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان میکلم کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اور تیسری وکٹ کے لیے 73 رنز کی اہم شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو مشکلات سے نکالا لیکن بدقسمتی سے آغا 2 رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے وہ 48 رنز پر محمد سمیع کا شکار بنے۔

برینڈن میکلم اپنے مزاج کے برعکس سست روی سے بیٹنگ کرتے رہے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری  وقت تک وکٹ پر ڈٹے رہے تاہم دنیش رامدین اور سہیل اختر صرف 4،4 رنز ہی بناسکے جب کہ سنیل نارائن بھی 2 چوکے لگانے کے بعد 9 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ سہیل خان صفر اور یاسر شاہ 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

میکلم 49 گیندوں پر 34 رنز بنانے کے باوجود میکلم ٹیم کو میچ نہیں جتواسکے بلکہ وہ آخری اوور میں رن آؤٹ ہوگئے لیکن اگلی ہی گیند پر سلمان ارشد نے محمد سمیع کو چھکا رسید کرکے میچ برابر کردیا لیکن میچ کی دلچسپی پھر بھی کم نہ ہوئی اور اگلی ہی گیند پر سمیع نے سلمان کو آؤٹ کرکے حساب برابر کردیا اور یوں میچ برابر رہا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سمت پٹیل نے 3، محمد سمیع نے 2 جب کہ شاداب خان، اندرے رسل اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میکلم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد کی جانب سے لک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا، حیران کن طور پر کپتان میکلم نے فخرزمان کو نئی گیند تھمائی اور انہوں نے بھی کپتان کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے دوسری ہی گیند پر لک رونکی کو بولڈ کردیا۔

اسلام آباد کے دوسرے اوپنر فرحان بھی 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد جے پی ڈومینی نے ایک اینڈ سنبھال کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا مگر دوسرے اینڈ سے کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ دینے میں ناکام رہا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ کپتان مصباح الحق صرف 4 رنز بناسکے جب کہ سمت پٹیل 9 اور آصف علی بھی 16 رنز تک محدود رہے۔

ڈومینی بھی 34 رنز پر ہمت ہار گئے لیکن اندرے رسل اور حسین طلعت نے آخری لمحات میں جارحانہ کھیل پیش کرکے ٹیم کا اسکور مستحکم کیا تاہم رسل کی اننگز 15 رنز تک ہی محدود رہی وہ سہیل خان کی گیند پر رن آؤٹ ہوئے جب کہ سہیل خان نے 2 گیندوں بعد فہیم اشرف کو بھی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس بھیج دیا اور شاداب خان بھی صرف ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

طلعت حسین نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 اور سہیل خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فخرزمان، سلمان ارشد، مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ تھری میں کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان کھیلے جانے والے ایونٹ کا گیارواں میچ بارش کی نذر ہوگیا اور ٹاس کے بعد ایک گیند بھی نہیں کروائی جاسکی جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا جب کہ دوسرا میچ بھی بارش کے باعث دیر سے شروع ہوا۔

Comments are closed.