قلندرز اور کنگز آج کراچی میں زور آزمائیں گے، ٹریفک پلان بھی جاری

فوٹو :فائل

کراچی(سپورٹس ڈیسک)لاہور قلندرز اور کراچی کنگز آج شام 7 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹورنامنٹ میں اپنی بقاء کیلئے ایڑ چوٹی کا زور لگائیں گے.

ملتان، لاہور ،راولپنڈی کے مقابلوں کے بعد آج سے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم آباد ہو جائے گا، پی ایس ایل 5 کا یہ 26 واں میچ ہو گا
قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے میچ میں لاہور نے کراچی کو شکست دے دی تھی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریاں مکمل اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شائقین کومشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نزلہ اوربخارمیں مبتلا افراد میچ دیکھنے اسٹیڈیم نہ جائیں۔

کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی جانب سے بھی تماشائیوں کے لئے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں کمشنر کراچی نے میچز دیکھنے کے لیے آنے والے تماشائیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کی اندرونی سیکیورٹی رینجرز نے سنبھال رکھی ہے، پولیس اور رینجرز کے افسران، اہلکار اور کمانڈوز کی بھاری نفری سیکیورٹی پر تعینات ہیں.

سی سی ٹی وی کیمروں سے اسٹیڈیم کے اندر اور اطراف پر نظر رکھی جائے گی، میچ دیکھنے والوں کو پارکنگ سے شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایاجائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 4 مقامات بنائے گئے ہیں، یونیورسٹی روڈ پر وفاقی جامعہ اردو گراؤنڈ اور ایکسپو سینٹر میں پارکنگ بنائی گئی ہے، ڈالمیا روڈ پر غریب نواز فُٹبال گراؤنڈ میں بھی شائقین اپنی گاڑیاں پارک کرسکیں گے.

رعنا لیاقت علی خان گرلز کالج بالمقابل آغا خان اسپتال میں بھی پارکنگ بنائی گئی ہے، آغا خان اور لیاقت نیشنل اسپتال جانے والے نیو ٹاؤن کی جانب سے جاسکیں گے، جب کہ اطراف کے رہائشی بھی شناختی کارڈ دکھا کر نیو ٹاؤن کی جانب سے جاسکیں گے۔

Comments are closed.