فیس بک، ٹوئٹر، وٹس اپ کو قانون کے تابع بنانے پر کام شروع

فوٹو: نیوز باکس ، فائل


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)حکومت نے سوشل میڈیا قوانین مرتب کرنے پر کام شروع کردیا ہے اوروزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا قوانین پر پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

اس حوالے سے اٹارنی جنرل نے سوشل میڈیا قوانین پر اپنی سفارشات وزیراعظم کو بھجواتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا رولز اور نگرانی کے لیے بڑے پیمانے پر مشاورت کی جائے۔

اٹارٹی جنرل کی طرف سے سفارشات میں کہا گیا ہے کہ قوانین بناتے وقت سوشل میڈیا رولز میں بنیادی انسانی حقوق اور آزادی رائے کو ملحوظ خاطر رکھا جائے تاکہ نگرانی کو پابندی کے زمرے میں نہ لیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے اٹارنی جنرل کی سفارش پر ڈاکٹر شیری مزاری کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی میں ملیکہ بخاری، سینیٹر علی ظفر، سیکرٹری وزارت آئی ٹی اور چیئرمین پی ٹی اے شامل ہیں۔

وزیراعظم کی بنائی گئی کمیٹی تیس روز کے اندر اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی جن کی روشنی میں قانون سازی کیلئے ڈرافٹنگ کی جائے گی تاکہ اس پر جامعہ قانون سازی ہو سکے۔

اسٹریلیا ، برازیل سمیت یورپ کے متعدد ممالک میں بھی سوشل میڈیا کو قوانین کے تابع رکھا گیاہے تاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہو سکے اور آزادی اظہار رائے پر پابندی بھی نہ ہو۔

ذرائع کے مطابق فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام کے علاوہ وٹس اپ کی ٹریفک کی بھی نگرانی کا طریقہ کار مرتب کیا جائے گا تاکہ غیر اخلاقی یا ملکی مفادات کے خلاف چیزوں کی نگرانی کی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان سفارشات میں شہریوں کے حقوق کو ملحوظ خاطر رکھنے کیلئے شیریں مزاری کو سربراہی سونپی گئی ہے تاکہ نگرانی کے نام پر شہریوں کو بھی بے جا تنگ نہ کیا جائے اور نگرانی مقررہ اہداف سے تجاویز نہ کرے۔

Comments are closed.