فریال تالپور 9روزکے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) جعلی اکاوٴنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کواحتساب عدالت نے 9 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

اس سے قبل نیب کی ٹیم فریال تالپور کو اسلام آباد میں سب جیل قرار دی گئی ان کی رہائش گاہ سے جیل کے لیے لے کر روانہ ہوئی تو پیپلزپارٹی کے کارکنان نے فریال تالپور کی گاڑی کو گھیر لیا اور نیب کے خلاف نعرے بازی کی۔

نیب نے احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک کی عدالت میں فریال تالپور کو پیش کیا،دورانِ سماعت نیب پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ فریال تالپور جعلی اکاوٴنٹس کیس میں نامزد ملزمہ ہیں۔

یہ بھی کہا کہ فریال تالپور کاریفرنس میں مرکزی کردار ہے، زرداری گروپ کے اکاوٴنٹ میں اربوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز ہوئیں، زرداری گروپ کا اکاوٴنٹ فریال تالپور آپریٹ کرتی ہیں اور اکاوٴنٹ میں جعلی بینک اکاوٴنٹس سے رقوم آئیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ رقم فریال تالپور کے دستخط سے اویس مظفر کے اکاوٴنٹ میں منتقل کی گئی، فریال تالپور زرداری گروپ کی ڈائریکٹر ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے فریال تالپور کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی لیکن عدالت نے نیب کی 14 روز کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے فریال تالپور کا 9 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرکے ان کو نیب کی تحویل میں دے دیا۔

عدالت نے فریال تالپور کو 24 جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

Comments are closed.