عوام کو ریلیف دیں ان پر مزید ٹیکس نہ لگائیں، وزیراعظم


اسلام آباد ( ویب ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے مشکل معاشی حالات کے پیش نظر عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے غیر روایتی حل تجویز کئے جائیں ۔ حکومتی کوششوں کی بدولت کاروباری فضا بہتر ہوئی اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرصدارت اکنامک ایڈوائزی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرِ اعظم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ، انھوں نے ہدایت کی ہے کہ عوام پر مزید ٹیکس نہ لگائے جائیں بلکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔

وزیاعظم نے کہا معاشی استحکام و پائیدار گروتھ کے لئے روڈ میپ پیش کیا جائے ۔وزیرِ اعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ ملکی معیشت کے حوالے سے اہم معاملات پر تجاویز پیش کرنے والی اس کونسل کی مکمل طور پر فعالی کو یقینی بنایا جائے ۔

اس کے علاوہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کی فلورملز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ جس میں ملک میں آٹے کی فراہمی اور مناسب قیمتوں پر دستیابی کے حوالے سے مختلف تجاویز اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے امور پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانا اور عوام کو بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا حکومت کے لئے اولین اہمیت رکھتا ہے ، حکومت تمام فریقین کی مشاورت سے ضروری اقدامات کرے گی۔

دریں اثنا ماہی گیروں کو بااختیار بنانے کے پروگرام کے تحت بحری امور کی وزارت اور چار بینکوں کے درمیان ماہی گیروں کو قرضوں کی فراہمی کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے سری لنکا کے بدھ بھکشوؤں کے وفد نے ملاقات ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔

Comments are closed.