عمران ٹرمپ ملاقات پر وائٹ ہاؤس کا اعلامیہ


واشنگٹن(نیٹ نیوز)   وزیراعظم عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات سے متعلق وائٹ ہاؤس نے اعلامیہ جاری کردیا۔

وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات میں انسداد دہشت گردی، دفاع، توانائی اور تجارت پر بات چیت کی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنوبی ایشیا کے امن واستحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ امریکا جنوبی ایشیا میں امن کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کے عزم پرقائم ہے۔

وائٹ ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق امریکی صدر پاکستان کے ساتھ مضبوط معاشی، تجارتی تعلقات چاہتے ہیں، مضبوط تعلقات امریکا پاکستان کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کے اقدامات کو تسلیم کرتے ہیں، پاکستان نے افغانستان امن بات چیت کرانے کے لیے کوششیں کی ہیں۔

واہٹ ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق پاک امریکا مضبوط شراکت کا راستہ افغانستان میں تنازع کے پرامن حل میں ہے، پاکستان کا تمام دہشت گرد گروپوں کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا اقدام بہت اہم ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان 2018 میں 6.6 ارب ڈالر کی باہمی تجارت کا نیا ریکارڈ بنا، پاکستان کی برآمدات بڑھنے سے امریکا میں 10 ہزار افراد کو ملازمتیں ملیں۔

وائٹ ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق امریکی کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی لا رہی ہیں، پاکستان نے مارچ 2017 تا اپریل 2019 تک امریکا سے بڑی مقدار میں ایل این جی خریدی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان وائٹ ہاؤس پہنچے تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کا استقبال کی، دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا۔ پہلے مرحلے میں وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت میں ثالثی کی پیشکش بھی کی۔

Comments are closed.