علیمہ خان کو سپریم کور ٹ کا2کروڑ 95لاکھ روپے جمع کرانے کاحکم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کو سپریم کور ٹ کا اپنے ذمہ2کروڑ 95لاکھ روپے جمع کرانے کاحکم۔

یہ حکم چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق کیس میں دیا۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بیرون ملک اکاوٴنٹس اور جائیدادوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر علیمہ خان اور ان کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجا پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے علیمہ خان سے استفسار کیا آپ نے کتنے کی پراپرٹی خریدی ہے جس پر علیمہ خان نے بتایا 3 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی پراپرٹی خریدی۔

استفسار ہوا آپ نے پراپرٹی کب خریدی ؟ علیمہ خان نے بتایا پراپرٹی 2008 میں خریدی اور پچھلے سال فروخت کردی، چیف جسٹس نے سوال کیا یہ سارا پیسہ آپ کا تھا جس کی تفصیلات بتاتے ہوئے علیمہ خان نے کہا دبئی بینک سے 50 فیصد قرضہ لیا اور 50 فیصد ہمارے اپنے پیسے تھے۔

علیمہ خان کے وکیل سلمان اکرم راجا نے اس موقع پر کہا کہ بینک ٹرانزکشن اور اکاوٴنٹس کی تفصیلات عدالت میں جمع کرا دی ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا پھر آپ ایک ہفتے میں 18 ملین جمع کرادیں۔

علیمہ خان کے ٹیکس کے معاملات کی تحقیقات کرنے والے کمشنر ان لینڈ نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے دستاویزات کے تحت جو تخمینہ لگایا ہے اس کے مطابق علیمہ خان کو 2 کروڑ 95 لاکھ روپے کا ٹیکس جمع کرانا ہوگا۔

عدالت نے قرار دیا کہ علیمہ خان کو اپیل کا حق حاصل ہوگا تاہم اس سے پہلے انہیں ٹیکس کی رقم جمع کرانا ہوگی، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ اگر ادائیگی نہیں ہوئی تو ایف بی آر علیمہ خان کی جائیداد ضبط کرلے۔

Comments are closed.