عامر،حسن اوروہاب سینٹرل کنٹریکٹ سے آوٹ، بابراعظم کپتان مقرر

فوٹو: فائل

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کو ٹی20 کے ساتھ اب ون ڈے میچوں کے لیے بھی قومی ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ سیزن 2020-21 کے لیے اظہر علی کو قومی ٹیسٹ جبکہ بابر اعظم کو ٹی20 اور ون ڈے ٹیموں کی قیادت سونپ دی گئی ہے۔

آئندہ سیزن کے لیے 18 کھلاڑیوں پر مشتمل سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا گیاہے۔ یکم جولائی سے نافذ العمل سینٹرل کنٹریکٹ میں نسیم شاہ اور افتخار احمد کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ حیدر علی، حارث رؤف اور محمد حسنین نئی تشکیل کردہ ایمرجنگ پلیئرز کیٹیگری میں شامل ہیں۔


فوٹو: کرک انفو فائل

نئے سینٹرل کریکٹ میں فاسٹ بولر محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی شامل نہیں ہیں تاہم تینوں کھلاڑی بدستور قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

پاکستان نے آئندہ 12 ماہ کے دوران 9 ٹیسٹ، 6 ون ڈے اور 20 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کے علاوہ ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2020 میں شرکت کرنی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ دیتے وقت کھلاڑیوں کی گذشتہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آئندہ 12 ماہ میں شیڈول میچز کے فارمیٹ اور تعداد کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ چیئرمین پی سی بی کے مشکور ہیں جنہوں نے حیدر علی، حارث رؤف اور محمد حسنین کے لیے ایمرجنگ کیٹیگری سے متعلق ان کی تجویز پرغور کیا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ یہ مستقبل کی تیاریوں کے حوالے سے حکمت عملی کا حصہ ہے، ‘یقین ہے کہ اس نئی کیٹیگری کی تشکیل سے نوجوان کھلاڑیوں خصوصاً ڈومیسٹک کرکٹرز کو عمدہ کارکردگی دکھانے کا موقع ملے گا۔
مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ کپتانی کی مدت میں توسیع ملنے پر اظہر علی اور بابراعظم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، یقیناََ یہ ایک اچھا فیصلہ ہے کیونکہ اس سے ٹیم میں ان کھلاڑیوں کا کردار واضح ہوگا جس سے ان کو اپنے کھیل میں بہتری لانے کا موقع ملے گا۔ ‘

مصباح الحق نے کہا کہ سلیکٹرز نے فاسٹ بولر محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ دینے سے متعلق مشکل فیصلہ کیا حسن علی نے انجری کے سبب گذشتہ سیزن کے زیادہ تر میچز میں شرکت نہیں کی تھی تاہم بورڈ کا فیصلہ درست ہے۔

Comments are closed.