صوابی کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس

پشاور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران صوبے میں جاری میگا ترقیاتی منصوبوں سے معاملات اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ محمودخان اور اسپیکر اسد قیصر نے صوابی کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کی جس میں متعلقہ صوبائی وزراءاور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔

اجلاس کو ضلع صوابی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ان منصوبوں میں صحت، تعلیم اور بلدیات کے مختلف منصوبے شامل ہیں۔

اجلاس کو ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کے قیام، باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں سہولیات کی فراہمی، بنیادی مرکز صحت زیدہ کی اپگریڈیشن، گدون میں کیٹیگری ڈی ہسپتال کے قیام، ویمن یونیورسٹی صوابی اور دیگر منصوبوں پر پیشرفت پر بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے مذکورہ منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور بعض منصوبوں کی تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدیت کی کہ ان منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

Comments are closed.