شہباز شریف کی اہلیہ، بیٹے ، بیٹی اور داماد کے اثاثے قرق

لاہور: نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، بیٹے سلیمان شہباز اور بیٹی رابعہ عمران سمیت 6 ملزمان کی جائیدادیں قرق کرلی ہیں۔

لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جیل حکام نے عدالت میں پیش کیا۔

شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ میری کمر کی تکلیف کے حوالے سے کل ڈاکٹر آیا، میں کینسر کا مریض ہوں، میرے معدے اور کینسر کے حوالے سے چیک اپ نہیں ہو رہا.

مجھے میری میڈیکل رپورٹس بھی ایک مہینے بعد دی گئیں، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن یہ صرف سیاسی انتقام ہےاور کسی کے کہنے پر کیا جا رہا ہے۔

احتساب عدالت کے فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی بات سن لی ہے، آپ کا جو مسئلہ ہے آپ لکھ کر مکمل طور ہر عدالت کو آگاہ کریں، آپ جب درخواست دیں گے تو اس پر علیحدہ سماعت کروں گا۔

دوران سماعت ڈی جی نیب نے تفتیشی افسر کے ذریعے عدالت میں رپورٹ پیش کی،رپورٹ کے مطابق نیب نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، بیٹے سلیمان شہباز ، بیٹی رابعہ عمران اور داماد ہارون یوسف کے اثاثے بھی قرق کر لیے ہیں.

سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں شور شرابے پر فاضل جج نے برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے ریمارکس دیئے کہ جو لوگ شہباز سے ملاقات کرنے آئے ہیں اب وہ باہر چلے جائیں.

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکلا نے نیب کے گواہ پر جرح مکمل کرلی، جس پر عدالت نے نیب کے مزید 2 گواہ ابراہیم ملک اور محمد شریف کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 4 جنوری تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.