شہباز شریف کا واجد ضیاء کی زیر سربراہی تحقیقات پر کاروائی کامطالبہ


فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) مسلم لیگ ن کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈ ر شہباز شریف نے ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں ایف آئی اے کی آٹا چینی پر تحقیقاتی رپورٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔

شہباز شریف نے ایف آئی اے کی رپورٹ پر بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کے چیئرمین بھی ہیں، یہ رپورٹ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف فردِ جرم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ وزیراعظم اپنے اور وزیراعلیٰ کے خلاف اس بڑے پیمانے کی کرپشن اور اقرباپروری پرکیا کارروائی کرتے ہیں؟

یاد رہے گزشتہ روز منظر عام پر آنے والی ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملک میں رواں سال کے آغاز میں ہونے والے چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا۔

رپورٹ کے مطابق دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیاں فائدہ اٹھانے والوں میں شامل تھیں۔

ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی آٹا بحران کی اہم وجہ رہی ہے۔

رپورٹ پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ میں کسی بھی کارروائی سے پہلے اعلیٰ سطح کے کمیشن کی جانب سے مفصل فرانزک آڈٹ کے نتائج کا منتظر ہوں جو 25 اپریل تک آ جائے گی۔

وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں یقین دہانی کرائی ہے کہ ان نتائج کے سامنے آنے کے بعد کوئی بھی طاقتور گروہ (لابی) عوامی مفادات کا خون کر کے منافع سمیٹنے کے قابل نہیں رہے گا۔

Comments are closed.