سینیٹ الیکشن میں شرمناک ہارس ٹریڈنگ ہوئی ، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی نے سینیٹ انتخابات کے بعد ردعمل میں ہارس ٹریڈنگ کی مذمت کی ، ان کا کہنا تھاسینٹ انتخابات میں ایک مرتبہ پھر شرمناک ہارس ٹریڈنگ کے نتیجے میں اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت سامنے آئی۔

میڈیا کو جاری بیان میں عمران خان نے کہا عوام نے اپنے نمائندوں کو بڑی بولی لگانے والوں کے ہاتھوں بکتے دیکھا، یہ ہماری سیاست کے اخلاقی زوال کی علامت ہے،ضمیروں کی ایسی تجارت دنیا کی کس جمہوریت میں دیکھنے کو ملتی ہے۔

عمران خان نے کہا یہی وجہ ہے کہ ہم نے سینٹ کیلئے براہ راست یا پارٹی فہرست کے ذریعے انتخاب کے طریقہ کار تجویز کئے، ہم نے متنبہ کیا تھا کہ انتخاب کا طریقہ نہ بدلا تو ہارس ٹریڈنگ نہیں رکے گی۔

بدقسمتی سے سینٹ کی مکمل ایوان پر مشتمل کمیٹی کیطرح انتخابی اصلاحات کمیٹی نے بھی ہماری تجاویز مسترد کیں، ہارس ٹریڈنگ کے رستے پیپلز پارٹی نے پختونخوا سے دو نشستیں حاصل کیں، پختونخوا میں پیپلز پارٹی کے محض سات اراکین ہیں، عمران خان نے کہاسینٹ انتخابات کی صورت میں رچائے جانے والے اس مضحکہ خیز تماشے نے آج بہت سے اخلاقی سوالات کو جنم دیا ہے۔

Comments are closed.