زلمی نے گلیڈی ایٹر کو بچھاڑ دیا، سرفراز کی بیٹنگ پھر فیل


فوٹو: پی ایس ایل

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے اٹھارویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر ز کو 30رنز سے ہرادیا، شعیب ملک 54رنز بنا کر مین آف دی میچ قرار پائے، سرفراز احمد ایک بار پھر بیٹنگ میں ناکام رہے اور صرف ایک رن بنا کرآوٹ ہوگئے۔

پنڈی کرکٹ گراونڈ پر کھیلا گیا یہ میچ بارش کے باعث گراونڈ گیلا ہونے کی وجہ سے پندرہ ، پندرہ اوورز تک محدود کردیا گیا تھا ،پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کی اور چھ وکٹوں کے نقصان پر 170رنز بنائے۔

 کوئٹہ کو 15 اوورز میں حاصل کرنا تھا تاہم گلیڈی ایٹرز 7 وکٹوں پر 140 رنز تک محدود رہے۔شعیب ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا تاہم 9 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 4 جبکہ بین کٹنگ اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کے بعد کامران اکمل 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ پر حیدر علی اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔

حیدر علی 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ لیونگ اسٹون 12 اور شعیب ملک 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا۔ 45 کے مجموعی اسکور پر شین واٹسن 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے  دوسری وکٹ 75 رنز پر گری جب جیسن رائے 45 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار ہوگئے۔

اس کے بعد احمد شہزاد 10، بین کٹنگ 17، محمد نواز 18، اعظم خان صفر، کپتان سرفراز احمد ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ کی ٹیم 15 اوورز میں 7 وکٹوں پر 140 رنز بناسکی اور میچ 30 رنز سے ہار گئی۔پشاور کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، راحت علی نے 2 جبکہ حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Comments are closed.